ایل بی نگر تا امیر پیٹ روٹ ،ملک پیٹ ، معظم جاہی مارکٹ، نامپلی کے عوام کو سہولت
حیدرآباد۔/12 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ ریاستی گورنر ای ایس ایل نرسمہن جاریہ ماہ 24 ستمبر کو دوپہر 12 بجکر 15 منٹ پر حیدرآباد میٹرو ریل کے دوسرے مرحلہ کے تحت ایل بی نگر تا امیر پیٹ میٹرو ریل کا افتتاح کریں گے۔ وزیر بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے ٹی راما راؤ نے آج ریاستی چیف سکریٹری ایس کے جوشی اور منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل این وی ایس ریڈی کے ہمراہ راج بھون پہنچ کر گورنر ریاست تلنگانہ نرسمہن سے ملاقات کی اور بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرکے ایل بی نگر تا امیر پیٹ حیدرآباد میٹرو ریل کا افتتاح انجام دینے کی خواہش کی۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے حیدرآباد۔ ناگول اور میاں پور کے درمیان میٹرو ریل کی خدمات کا گذشتہ چند ماہ قبل ہی آغاز کیا جاچکا ہے۔ این وی ایس ریڈی نے بتایا کہ ایل بی انگر، کتہ پیٹ، دلسکھ نگر ، ملک پیٹ، چادر گھاٹ، املی بن ( گولیگوڑہ ) ، پتلی باؤلی ، معظم جاہی مارکٹ، گاندھی بھون، نامپلی، خیریت آباد ، پنجہ گٹہ ، امیر پیٹ کے عوام کے انتظار کی گھڑیاں ختم ہوں گی۔