میٹرو ریل کے آغاز کے اندرون ایک ماہ 30 لاکھ مسافروں کا سفر

جون 2018 میں ہائی ٹیک سٹی تا ایل بی نگر توسیع ، ایم ڈی ایچ ایم آر این وی ایس ریڈی کا بیان
حیدرآباد ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : میٹرو ریل آغاز کا ایک ماہ مکمل ہوگیا ۔ 30 لاکھ عوام نے میاں پور تا ناگول سفر کیا ۔ آئندہ جون سے ہائی ٹیک سٹی تا ایل بی نگر میٹرو ریل کی توسیع ہوگی ۔ میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے عوام کے مثبت ردعمل پر اطمینان کا اظہار کیا ۔ ایک ماہ قبل 28 نومبر کو وزیراعظم نریندر مودی نے میاں پور تا ناگول 30 کیلو میٹر تک چلنے والی میٹرو ریل کا افتتاح کیا تھا ۔ جس کے دوسرے دن سے عوام کو میٹرو ریل میں سفر کرنے کی اجازت دی گئی تھی ۔ میٹرو ریل کے آغاز سے آج تک 30 لاکھ افراد نے میٹرو ریل میں سفر کیا ہے ۔ روزانہ اوسطاً ایک لاکھ عوام میٹرو ریل میں سفر کررہے ہیں ۔ جس سے کسی قدر سڑکوں پر ٹریفک کا بہاؤ کم ہوا ہے ۔ سال 2017 میں عوام کو دستیاب ہونے والا سب سے بڑا پراجکٹ میٹرو ریل ہی ہے ۔ شہری عوام نے بھی قواعد پر عمل کرنے کے معاملے میں میٹرو ریل عملے سے مکمل تعاون کیا ہے ۔ عوام نے صفائی اور ڈسپلن پر سختی سے عمل آوری کو ترجیح دی ہے ۔ آئندہ سال جون سے قبل کاریڈار 1 کے ماباقی امیر پیٹ تا ایل بی نگر ، کاریڈار 3 کے امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی کی تعمیرات بھی مکمل ہوجائے گی اور ان راستوں پر بھی میٹرو ریل عوام کو دستیاب ہوجائے گی ۔ عہدیداروں کی جانب سے جون کے تیسرے ہفتے میں ٹریل رن کا جائزہ لیا جائے گا اور چوتھے ہفتے میں میٹرو ریل عوام کو دستیاب ہوجائے گی ۔ زیر التواء کاموں کی تکمیل کے لیے جنگی خطوط پر تعمیرات کی جارہی ہیں ۔ جن علاقوں میں میٹرو ریل چلائی جارہی ہیں وہاں کے میٹرو اسٹیشنس کو خوبصورت بنانے کے کام بھی تیزی سے جاری ہیں ۔ میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے میٹرو ریل کی خدمات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کافی دشوار کن حالت کا سامنا کرنے کے بعد میٹرو ریل کا آغاز کیا گیا ہے اور ایک ماہ کی تکمیل پر بے حد خوشی محسوس ہورہی ہے انہیں بہت بڑا تجربہ حاصل ہوا ہے ۔ میٹرو ریل کا آغاز ان کی زندگی کا یادگار دن ہے ۔ انہوں نے کئی چیلنجس کا سامنا کیا ہے لیکن میٹرو ریل کی کامیابی کو دیکھ کر انہیں بہت سکون محسوس ہورہا ہے علحدہ تلنگانہ ریاست کی تشکیل پر یہ پراجکٹ بند ہوجانے کی چند شخصیتوں کی جانب سے جو تشہیر کی گئی تھی وہ آج جھوٹی ثابت ہوئی ہیں ۔ فی الحال تین کاریڈارس کے ساتھ دوسرے علاقوں میں بھی میٹرو ریل چلانے کی زبردست مانگ بڑھ گئی ہے ۔ مکمل پراجکٹ کی تعمیر پر یومیہ 15 لاکھ افراد میٹرو ریل سے سفر کریں گے ۔۔