میٹرو ریل پر عمل آوری کو حکو مت تلنگانہ کی مکمل تائید

تلنگانہ کے عہدیداروں کی مرکزی افسران سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 22 ستمبر ۔ ( پی ٹی آئی ) تلنگانہ کے اعلیٰ سرکاری عہدیداروں نے نئی دہلی میں آج وزیراعظم کے دفتر میں پرنسپال سکریٹری کے علاوہ مرکزی کابینی سکریٹری سے ملاقات کرتے ہوئے واضح کیا کہ حکومت تلنگانہ ، حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ پر عمل آوری کی مکمل تائید کرتی ہے ۔ تلنگانہ کے چیف سکریٹری راجیو شرما اور حکومت تلنگانہ کے مشیر بی وی پاپا راؤ نے حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ پر عمل آوری میں پیشرفت کے ضمن میں مرکزی عہدیداروں سے ملاقات کی ۔ حکومت تلنگانہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’چیف سکریٹری نے انھیں تفصیلات سے واقف کروایا اور مطلع کیا کہ حکومت تلنگانہ ( حیدرآباد میٹرو ریل ) پراجکٹ کی مکمل تائید کرتی اور اس پراجکٹ پر عمل آوری کے ضمن میں حکومت تلنگانہ کے ساتھ کوئی پیچیدہ مسائل درپیش نہیں ہیں‘‘۔ بیان میں مزید کہا گیا کہ ’’انھوں ( چیف سکریٹری ) نے واضح کیا کہ ( حیدرآباد میں ) یہ پراجکٹ ملک میں لارسن اینڈ ٹوبرو ( ایل اینڈ ٹی ) کے کسی بھی دوسرے پراجکٹ کے مقابلہ انتہائی تیز رفتاری کے ساتھ جاری ہے ۔ اس پراجکٹ کو روبہ عمل لانے کیلئے تمام مالی ضروریات پوری کی جارہی ہیں ‘‘۔ واضح رہے کہ لارسن اینڈ ٹوبرو کی طرف سے حکومت تلنگانہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے یہ دھمکی دیئے جانے کے بعد کہ درپیش مسائل کی یکسوئی نہ ہونے کی صورت میں آخری چارہ کار کے طورپر وہ ( ایل اینڈ ٹی ) 16,000 کروڑ روپئے کے اس پراجکٹ کو چھوڑدینے کیلئے تیار ہے ۔ اس واقعہ کی اطلاعات میڈیا کے ذریعہ منظرعام پر آئی تھیں۔ حکومت تلنگانہ کے مشیر بی وی پاپا راؤ نے مرکزی کابینی سکریٹری اور وزیراعظم کے دفتر میں پرنسپال سکریٹری کو اس بات سے واقف کروایا کہ حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے بارے میں ایل اینڈ ٹی کی طرف سے حال ہی میں لکھا گیا مکتوب اور چند منتخب اخبارات میں اس کا افشاء دراصل ’’آندھراپردیش لابی ‘‘ کی کارستانی ہے جو میڈیا کی مدد سے حیدرآباد کی ساکھ متاثر کرنے کے مقصد پر مبنی ہے ۔ حکومت تلنگانہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومت ہند نے اس پراجکٹ کو روبعمل لانے کیلئے اپنی طرف سے مکمل تعاون کا تیقن دیا ہے‘‘ ۔