حیدرآباد۔/30نومبر، (سیاست نیوز) چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے کام جلد از جلد مکمل کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے جاریہ پراجکٹ کے سلسلہ میں ممکنہ تعاون کا تیقن دیا۔ چیف منسٹر نے آج میٹرو ریل پراجکٹ کے کاموں کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ ایک مرتبہ یہ پراجکٹ مکمل ہوتے ہی دونوں شہروں میں ٹریفک کا مسئلہ کافی حد تک حل ہوجائے گا۔ انہوں نے میاں پور تا ایل بی نگر سیکشن کی آئندہ سال نومبر تک تکمیل کی خواہش ظاہر کی۔ انہوں نے کہا کہ مابقی کام اگسٹ 2018 تک پورے ہوجانے چاہیئے۔ صدر نشین ایل اینڈ ٹی میٹرو مسٹر ایس این سبرامنین، ایل اینڈ ٹی میٹرو ایم ڈی شیو آنند، حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ ایم ڈی مسٹر این وی ایس ریڈی، پرنسپال سکریٹری ایس نرسمہا راؤ اور دیگر سینئر عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی۔
ڈسمبر اہمیت کا حامل، چندرا بابو
حیدرآباد؍وجئے واڑہ۔/30نومبر، ( پی ٹی آئی) چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو نے توقع ظاہر کی ہے کہ جنوری 2017کے ختم تک کرنسی بحران پر قابو پالیا جاسکے گا۔ انہوں نے عوام کو درپیش مسائل سے نمٹنے کیلئے اجتماعی کوشش کی ضرورت پر زور دیا۔ چندرا بابو نائیڈو نے کہا کہ ڈسمبر کا مہینہ انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور انہیں توقع ہے کہ جنوری تک حالات معمول پر آجائیں گے ۔ سیاست نیوز کے بموجب وزیر فینانس اے پی مسٹر وائی رام کرشنوڈو نے بھی کہا ہے کہ ماہ ڈسمبر میں کرنسی بحران کا زیادہ اثر دکھائی دے گا۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کا مالی موقف کافی کمزور ہے اور کرنسی کی منسوخی نے مشکلات بڑھا دی ہیں۔
اے پی میں شدید سردی
حیدرآباد۔/30نومبر، ( سیاست نیوز) طوفان ’’ ندا ‘‘ کے زیر اثر رائلسیما میں بعض مقامات پر آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیاہے۔ تلنگانہ میں موسم میں کوئی بڑی تبدیلی واقع نہیں ہوئی اور ایک یا دو مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت معمول سے کم رہا۔ اے پی کے وشاکھا ایجنسی علاقہ میں سردی کی شدید لہر جاری ہے۔ لمباسنگی میں اقل ترین درجہ حرارت 4 ڈگری سیلسیس تک پہنچ گیا۔
ہے۔شمالی تلنگانہ بھی شدید سردی کی لپیٹ میں ہے۔