حیدرآباد 24 مارچ (پی ٹی آئی) تلنگانہ کے چیف سکریٹری ڈاکٹر راجیو شرما نے حیدرآباد میٹرو ریل (ایچ ایم آر) پراجکٹ پر پیشرفت کا جائزہ لینے کیلئے آج خصوصی ٹاسک فورس کا اجلاس طلب کیا جس میں ایچ ایم آر کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے 10 مارچ کو منعقدہ ٹاسک فورس اجلاس میں کئے گئے فیصلوں پر تفصیلی کارروائی رپورٹ پیش کی۔ چیف سکریٹری نے 192 خانگی اور 59 سرکاری جائیدادوں کے حصول میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا۔ مسٹر این وی ایس ریڈی نے مطلع کیاکہ اسپیشل ٹاسک فورس کے گزشتہ اجلاس کے بعد تاحال 29 جائیدادیں منہدم کی جاچکی ہیں۔ 124 جائیدادوں کے حصول کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے اور چیکس کی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ چیف سکریٹری نے کمشنر جی ایچ ایم سی سومیش کمار کے علاوہ حیدرآباد کی کلکٹر مسز نرملا اور رنگاریڈی کے کلکٹر رگھونندن راؤ کو بعجلت ممکنہ چیکس تقسیم کرنے کی ہدایت کی۔ تلنگانہ کے معتمد داخلہ بی وینکٹیشم نے میٹرو ریل کے لئے سکیورٹی پلان پیش کیا۔