میٹرو ریل پراجکٹ سے دستبرداری کی اطلاعات بے بنیاد

حیدرآباد۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں جاری میٹرو ریل پراجکٹ کے سلسلہ میں میڈیا میں شائع شدہ خبروں کا حکومت نے سختی سے نوٹ لیا ہے۔ بعض تلگو اخبارات میں آج یہ خبر شائع کی گئی کہ ایل این ٹی کمپنی نے اس کام کی تکمیل سے دستبرداری کا فیصلہ کیا ہے۔ ان خبروں کی اشاعت کے ساتھ ہی چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاس طلب کیا اور صورتحال سے واقفیت حاصل کی۔ میٹرو ریل پراجکٹ کی تکمیل کرنے والی کمپنی ایل این ٹی کیمنیجنگ ڈائرکٹر وی بی گیڈگل نے چیف سکریٹری راجیو شرما اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی اور پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں کمپنی کے موقف سے واقف کرایا ۔ کمپنی کے مینجنگ ڈائرکٹر نے چیف منسٹر سے وضاحت کی کہ پراجکٹ کے بارے میں اخبارات میں شائع شدہ خبریں بے بنیاد ہیں اور حقائق سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے میڈیا میں میٹرو ریل سے متعلق شائع شدہ منفی خبروں کی مذمت کی۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کمپنی کی جانب سے سابق میں حکومت کو لکھے گئے مکتوب کو بنیاد بناکر منصوبہ بند انداز میں پراجکٹ کے خلاف خبریں شائع کی گئی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی کی جانب سے بعض امور کے سلسلہ میں حکومت کو مکتوب روانہ کئے گئے تھے اور فروری سے اس طرح کے مختلف مکتوب روانہ کئے گئے۔ میڈیا نے ایک پرانے مکتوب کو بنیاد بناکر یہ تاثر دینے کی کوشش کی ہے کہ کمپنی میٹرو ریل پراجکٹ مکمل نہیں کرے گی۔ گیڈگل نے کہا کہ ان کی کمپنی میٹرو ریل پراجکٹ کو کسی بھی صورت میں مقررہ وقت پر مکمل کرے گی اور پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں اسے حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بعض اخبارات میں شائع شدہ خبروں سے عوام میں الجھن پیدا ہورہی ہے۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ حیدرآباد کے اس اہم پراجکٹ کے بارے میں بے بنیاد خبروں کی اشاعت سے گریز کریں۔ میٹرو ریل کے مینجنگ ڈائرکٹر اور دیگر عہدیداروں نے بھی آج چیف منسٹر سے ملاقات کی اور پراجکٹ کی پیشرفت سے واقف کرایا ۔

سی دوران چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ پراجکٹ کے مختلف امور کے سلسلہ میں حکومت اور ایل این ٹی کے درمیان مراسلت کا سلسلہ جاری ہے ۔ بعض اخبارات عوام کو اس سلسلہ میں گمراہ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے سلسلہ میں چیف سکریٹری راجیو شرما اور حکومت کے مشیر پاپا راؤ جلد ہی دہلی کا دورہ کریں گے۔ مسٹر گیڈگل نے وضاحت کی کہ تلنگانہ حکومت پراجکٹ کی تکمیل میں مکمل تعاون کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے بڑے پراجکٹ کی تکمیل کے سلسلہ میں بعض چھوٹے مسائل کا پیدا ہونا فطری امر ہے۔ تلنگانہ حکومت اور ایل این ٹی کمپنی کے خلاف منظم انداز میں مہم چلانے کیلئے میڈیا کے بعض گوشوں کی جانب سے کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں متحدہ آندھراپردیش کی حکومت کو بھی پراجکٹ کے سلسلہ میں کئی مکتوب روانہ کئے گئے تھے ۔ اسی طرح تلنگانہ حکومت کو بھی مکتوب روانہ کئے گئے۔ انہوں نے وضاحت کی کہ پراجکٹ کا کام تیزی سے جاری ہے اور اسے موقوف کرنے سے متعلق اطلاعات بے بنیاد ہیں۔