میٹرو ریل میںایک دن میں ایک لاکھ مسافروں کا سفر

برسات اور اہم سڑکوں پر ٹریفک جام سے چھٹکارے کیلئے حیدرآبادی عوام کا رخ ریل کی طرف
حیدرآباد ۔ 18 اگست (سیاست نیوز) گذشتہ چند دنوں سے شہر حیدرآباد میں وقفہ وقفہ سے ہورہی بارش کے علاوہ رسول پورہ تا رانی گنج، پنجہ گٹہ تا گرین لینڈ، تاڑبن تا بابوجی نگر ایراگڈہ اور بیشتر اہم جنکشن پر سڑکوں کی تعمیر اور دیگر وجوہات سے ٹریفک جام کے شدید مسائل نے ہزاروں افراد کو میٹرو ریل کی سیڑھیاں چڑھنے پر راغب کردیا ہے جبکہ صرف ایک دن میں میٹرو ریل کے مسافرین کی تعداد تقریباً ایک لاکھ ریکارڈ کی گئی ہے۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی نے کہا ہیکہ ایک جانب اہم جنکشن پر ٹریفک جام سے گاڑیوں کی رفتار بالکل ختم ہوکر رینگنے کے مترادف ہوچکی ہے اور دوسری وجہ شہر میں وقفہ وقفہ سے بارش اور پھر تیسری وجہ میٹرو ریل اسٹیشن سے گھر اور دفتر تک دیگر حمل و نقل کے ذرائع سے پہنچنا آسان ہونے سے عوام نے میٹرو ریل کا رخ کرلیا ہے اور گذشتہ روز ایک دن میں میٹرو ریل سے سفر کرنے والے افراد کی تعداد ایک لاکھ سے متجاوز ہوچکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مانسون کے دوران جہاں سڑکوں پر ٹریفک جام ایک عام مسئلہ بن چکا ہے اور ساتھ ہی ساتھ حیدرآباد کی سڑکوں پر روزانہ لاکھوں گاڑیوں کی آمد نے بھی عوام کو میٹرو ریل کے سفر کی طرف راغب کردیا ہے۔ اس ضمن میں اظہارخیال کرتے ہوئے وکیل سریش کمار نے کہاکہ حالیہ دنوں کے دوران سڑکوں پر ٹریفک جام کا مسئلہ سنگین ہونے کے بعد میں نے تجرباتی طور پر میٹرو ریل کے سفر کو اختیار کیا جوکہ کافی پرلطف ثابت ہوا کیونکہ میں پیراڈائز اسٹیشن پر اتر کر وہاں سے ملکاجگری کیلئے آٹو کرائے پر لیا۔ میٹرو ریل اسٹیشن سے گھر اور دفتر تک رسائی کو یقینی بنانے کیلئے آخری منزل تک سواری نے بھی میٹرو ریل میں عوام کے ہجوم کو بڑھا دیا ہے۔