میٹرو ریل ‘ عوام کے مثبت رد عمل پر کے ٹی آر کا اظہار مسرت

ٹرینوں کی تعداد میں اضافہ اور عوام کو مزید سہولیات کی فراہمی پر عہدیداروں کے ساتھ اجلاس

حیدرآباد 5 ڈسمبر (سیاست نیوز) ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے میٹرو ریل پر عوام کے مثبت ردعمل پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے میٹرو ریل کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کا جائزہ لیتے ہوئے میٹرو اسٹیشن میں بیت الخلاؤں اور پارکنگ کی سہولتیں فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دینے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ بیگم پیٹ کیمپ آفس میں آج کے ٹی آر نے میٹرو ریل پر اجلاس طلب کیا جس میں حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں نے شرکت کی۔ کے ٹی آر نے میٹرو ریل پر عوام کے مثبت ردعمل کے پیش نظر میٹرو ریل کی تعداد میں اضافہ کا جائزہ لینے کی حکام کو ہدایت دی۔ ایچ ایم آر کے عہدیداروں نے آئندہ فروری تک میٹرو ریل میں سوار ہونے والوں کا جائزہ لینے کے بعد میٹرو ریل کی تعداد میں اضافہ کے تعلق سے قطعی فیصلہ کرنے کا تیقن دیا۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے میٹرو ریل میں سفر کرنے والے مسافرین کی پارکنگ سہولت پر بھی عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔ ضرورت کے مطابق پارکنگ کی سہولت فراہم کرنے اور پارکنگ مقامات کے تعلق سے عوام میں شعور بیدار کرنے کا بھی مشورہ دیا۔ حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں نے ضرورت کے مطابق میٹرو ریل کیلئے پولیس کی خدمات سے استفادہ کا مشورہ دیا۔ میٹرو اسمارٹ کارڈ کے استعمال اور اس کے فائدوں کے بارے میں بڑے پیمانے پر تشہیر کے ساتھ میٹرو فیڈر کی روٹس پر زیادہ آر ٹی سی بسیں چلانے کے لئے آر ٹی سی انتظامیہ سے بھی تبادلہ خیال کرنے کے ٹی آر نے عہدیداروں کو تیقن دیا۔ میٹرو ریل میں سوار ہونے والے عوام کے مثبت ردعمل پر وزیر بلدی نظم و نسق نے عہدیداروں سے بات چیت کی۔ میٹرو اسٹیشن میں پینے کے پانی کی سہولت، بیت الخلاؤں کی تعداد میں بھی اضافہ پر زور دیا۔ آئندہ سال یکم جون تک نشانہ مختص کرتے ہوئے آئی ٹی کاریڈارس سے متعلق میٹرو ریل کی تعمیرات مکمل کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ بالخصوص زیادہ عوام کی سہولت کے لئے امیرپیٹ تا ہائی ٹیک سٹی روٹ پر توجہ دینے کے احکام جاری کئے۔ میٹرو کاریڈارس میں فٹ پاتھس کو بھی ترقی دینے پر زور دیا۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے میٹرو ریل پر مثبت ردعمل کا اظہار کرنے والے عوام سے اظہار تشکر کیا۔