میٹرو ریل شکایت پر کل جماعتی اجلاس کا مطالبہ : کے جانا ریڈی

حیدرآباد ۔ 20 ستمبر (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن مسٹر کے جاناریڈی نے حیدرآباد کی ترقی سے متعلق باوقار میٹرو ریل پراجکٹ میں پیدا ہوئے شکوک و شبہات کو دور کرنے کیلئے فوری کل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔ آج سی ایل پی آفس اسمبلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ اس موقع پر ڈپٹی فلور لیڈر کونسل مسٹر محمد علی شبیر بھی موجود تھے۔ مسٹر جاناریڈی نے کہا کہ حالیہ دنوں میں میٹرو ریل کا تنازعہ میڈیا کی ذہنیت بنا ہوا تھا جس سے عوام میں تشویش پیدا ہوگئی ہے۔ عوام میں پائے جانے والے شکوک و شبہات کو دور کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس باوقار پراجکٹ کیلئے شفافیت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ حکومت اور ایل اینڈ ٹی کے ذمہ داروں نے اس مسئلہ پر ایک دوسرے سے ملاقات کی ہے اور وضاحت بھی کی ہے۔ تاہم عوام میں الجھن پائی جاتی ہے۔ اس کو دور کرنے کیلئے حکومت ایک کل جماعتی اجلاس طلب کرے اور پراجکٹ سے متعلق تمام فائل بشمول معاہدات کو کل جماعتی اجلاس میں پیش کرے۔ 15 ایکر اراضی کو لے کر تنازعہ کھڑا ہونے کی اطلاعات ہیں مگر حکومت اور تعمیری ادارے نے اس پر کوئی وضاحت نہیں کی ہے۔ حکومت اراضی دینے کیلئے تیارنہیں ہے اور ایل اینڈ ٹی اراضی لیئے بغیر کام نہ کرنے پر بضد ہے جس کی وجہ سے دونوں کے درمیان تناؤ پیدا ہوا ہے۔ لہٰذا حل نکالنا ضروری ہے اور اپوزیشن جماعتیں بھی ترقیاتی معاملت میں حکومت سے تعاون کرنے کیلئے پوری طرح تیار ہے۔ حکومت کو بھی دو قدم آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔ اگر لازمی ہوجائے تو ترقیاتی کاموں کو تیز کرنے کیلئے تعمیری ادارے کو مزید سہولتیں اور اراضی بھی دینا چاہئے۔