میٹرو ریل سے حیدرآباد ٹرانسپورٹ نظام میں انقلابی تبدیلی

حیدرآباد۔/18 جنوری(سیاست نیوز) ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل اور میوز آرٹ گیلری کے زیر اہتمام حیدرآباد میٹرو ریل کے تعمیری کاموں کی پیشرفت کی تصویروں کی نمائش ”Metro Chronicles thru the Lenz”کا آج شام ہوٹل میریاٹ میں نائب صدرنشین و منیجئنگ ڈائرکٹر آندھرا پردیش انڈسٹریل انوسمنٹ کارپوریشن مسٹر جئیش رنجن نے کیا۔ اس نمائش میں حیدرآباد کے سرکردہ فوٹوگرافرس جیسے اروند چینجی، نمرتا روپاری، رنجیت کمار تائیی، چندو داتلا، کنٹامانینی اویناش، کرشنا فنسی، سنتوش کمار، ستیش لال، سری ہرشا ٹکا اور ومسی ارتھم کی تصاویر کو پیش کیا گیا۔ اس موقع پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر جئیش رنجن نے کہا کہ ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل ایک ایسے پراجکٹ کو روبعمل لارہی ہے جس سے ریاست کے صدرمقام میں ایک انقلابی تبدیلی آئے گی۔ ماس ٹرانسپورٹ سسٹم کے آغاز کے بعد حیدرآباد میں غیر معمولی تبدیلیاں آئیں گی۔

ایل اینڈ ٹی اور میٹرو ریل نے تعمیری کاموں کی پیشرفت کے مختلف مرحلوں کی تصاویر کو اکٹھا کررہے ہیں جو ایک بہترین اثاثہ ثابت ہوں گے اور آنے والی نسلوں کو پتہ چلے گا کہ میٹرو ریل پراجکٹ کس طرح پایہ تکمیل کو پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تصاویر کو بھی میٹرو ریل میوزیم کا حصہ بنانا چاہئے۔ منیجئنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو لمیٹیڈ مسٹر این وی ایس ریڈی نے کہا کہ میٹرو ریل پراجکٹ کی تکمیل کے بعد حیدرآباد کا رخ ہی تبدیل ہوجائے گا۔ حیدرآباد کی تاریخ کو بھی اس پراجکٹ کے باعث دو حصوں میں بانٹا جائے گا۔ ماقبل میٹرو ریل پراجکٹ اور مابعد میٹرو ریل پراجکٹ، حیدرآبادی تاریخ کی تعریف و توضیح کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے کئی بڑے شہروں میں دہوں پہلے ہی سے ماس ٹرانسپورٹ نظام موجود ہیں مگر یہ پراجکٹس کیسے مرحلہ وار پایہ تکمیل کو پہنچا ان کے تصویری شواہد؍ڈاٹا موجود نہیں ہے مگر اس اعتبار سے حیدرآباد خوش قسمت ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کی مرحلہ وار پیشرفت کو مختلف زاویوں سے محفوظ رکھا جارہا ہے اور مختلف سرکردہ فوٹو گرافرس میٹرو ریل کے تئیں اپنی دلچسپی کا ایسا مظاہرہ کررہے ہیں کہ ان کی کھینچی جانے والی تصاویر نہ صرف اچھوتی ہیں بلکہ ایک وقت آئے گا کہ وہ نادر و نایاب سمجھی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ہر تین ماہ کے وقفہ سے ایسی تصویری نمائش کا اہتمام کیا جائے گا جس میں پراجکٹ کی پیشرفت کو تصویروں کے ذریعہ پیش کیا جائے گا۔ ہر نمائش میں 100 منتخب تصویروں کی نمائش کی جائے گی۔ اس موقع پر چیف ایکزیکٹیو اینڈ منیجنگ ڈائرکٹر ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل (حیدرآباد) مسٹر وی بی گیڈگل بھی موجود تھے جنہوں نے کہا کہ ایل ٹی کے پاس ملک کے بہترین انجینئرس کی ٹیمیں موجود ہیں جو جدید اور عصری ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہیں اور جن کی مہارت مسلمہ ہے۔