ایم ڈی میٹرو ریل این وی ایس ریڈی اور کمشنر سائبرآباد پولیس سی وی آنند کا دورہ اپل
حیدرآباد ۔ 25 ستمبر (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل کے پہلے مرحلہ میں شروع ہونے والی خدمات کا جائزہ لینے کیلئے آج منیجنگ ڈائرکٹر حیدرآباد میٹرو ریل مسٹر این وی ایس ریڈی اور سائبرآباد کمشنر پولیس مسٹر سی وی آنند نے اپل میٹرو ریل ڈپو کے علاوہ آپریشن کنٹرول سنٹر کا معائنہ کرتے ہوئے صیانتی و حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا۔ مسٹر این وی ایس ریڈی نے اس موقع پر کمشنر پولیس سائبرآباد مسٹر سی وی آنند کو مختلف مقامات پر نصب کردہ سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ میٹرو اسٹیشنس پر لگائے گئے سی سی ٹی وی کیمروں کی تفصیلات سے واقف کرواتے ہوئے ان کیمروں کو آپریشن کنٹرول سنٹر سے مربوط کے عمل سے واقف کروایا۔ دونوں عہدیداروں نے میٹرو اسٹیشنس پر چیکنگ پوائنٹس، مسافرین کی تنقیح کے مقامات، خودکار ٹکٹ کلکشن راہداریوں، لگیج اسکاننگ، پلیٹ فام وغیرہ پر موجود صیانتی و حفاظتی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور کسی بھی طرح کی ہنگامی صورتحال کے تدارک کیلئے اختیار کی جانے والی حکمت عملی کا بھی مشاہدہ کیا۔ اپل ڈپو اور آپریشن کنٹرول سنٹر میں موجود واش ٹاور، خصوصی گیٹس کے علاوہ انسداد سبوتاج انتظامات اور روزمرہ ٹرین کی آمدورفت کی تفصیلات کے ساتھ ساتھ ٹرین کے حفاظتی انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ مارچ 2015ء میں شروع ہونے والے پہلے مرحلہ کی میٹرو ٹرین سرویس کے آغاز کیلئے کئے جانے والے تمام انتظامات کا مشاہدہ کرنے کے بعد مسٹر این وی ایس ریڈی اور مسٹر سی وی آنند نے ہجوم کو کنٹرول کرنے کے میکانزم اسٹیشنس پارکنگ کے علاوہ دیگر راہداریوں کے متعلق استفسارات کئے۔ بعدازاں مسٹر سی وی آنند نے حفاظتی و صیانتی انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے جو سیکوریٹی انتظامات کئے جارہے ہیں وہ عالمی سطح کے ہیں۔ انہوں نے ان سیکوریٹی انتظامات کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ بہت جلد سائبرآباد پولیس حیدرآباد میٹرو ریل کو سیکوریٹی کے متعلق اطلاعات فراہم کرنے کے عمل کا آغاز کرے گی۔ دونوں عہدیداروں نے میٹرو ریل پولیس اسٹیشن اور میٹرو ریل اسٹیشن کے علاوہ میٹرو ریل پولیس کے حدود و دائرہ کار کے متعلق بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا تاکہ میٹرو ریل سرویس کے آغاز کے ساتھ ساتھ پولیس خدمات کے حصول اور پہلے مرحلہ کے ناگول تا مٹوگوڑہ خدمات میں پولیس کے داخلہ اور دائرہ اختیار کا بھی تعین کرلیا جائے۔ حیدرآباد میٹرو ریل عہدیداروں کے بموجب مارچ 2015ء کے اواخر تک بہرصورت پہلے مرحلہ کی 8 کیلو میٹر پر مشتمل ناگول تا مٹوگوڑہ راہداری کو عوام کیلئے شروع کردیا جائے گا۔ اس سلسلہ میں حیدرآباد میٹرو ریل دیگر متعلقہ محکمہ جات کے ہمراہ تیاریوں کو مکمل کرنے کے مراحل میں پہنچ چکی ہے۔ علاوہ ازیں حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے اس راہداری پر تجرباتی اساس کی بنیاد پر میٹرو ٹرین چلانے کا عمل بھی جاری ہے۔