حیدرآباد۔22 مارچ (سیاست نیوز) امیر پیٹ تا ہائی ٹیک سٹی حیدرآبادمیٹرو ریل کی خدمات کے آغاز کے دوسرے دن ہی حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹڈ نے اسٹیشن سے دفاتر اور گھروں تک مسافرین کو پہنچانے کے لئے ای آٹوز متعارف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ حیدرآباد میں میٹرو ریل کی خدمات کے آغاز کے بعد یہ مسئلہ بھی دیکھا گیا ہے کہ ریلوے اسٹیشن سے دفاتر یا مکانات تک مسافرین کے لئے رسائی کا بہتر انتظام نہیں ہے جس کے لئے ارباب مجاز نے اسٹیشن سے دوسری منزل تک پہنچانے کے لئے ای بائکس ، روایتی بائکس اور کار یں فراہم کی ہیں لیکن کئی اسٹیشنس پر ابھی بھی آخری منزل تک عوام کو پہنچانے کے لئے دیگر سہولیات دستیاب نہیں ہیں۔ ای آٹوز فراہم کرنے کے اعلان کے بعد جو تفصیلات جاری کی گئی ہیں اس میں دس اسٹیشنوں پر ای آٹوز فراہم کیے جائیں گے اور ان اسٹیشنوں میں جے این ٹی یو کالج کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ ، ایرا گڈہ ، سری نگر، دلسکھ نگر وکٹوریا میموریل ، حبشی گوڑہ ، خیریت آباد، درگم چیرو اور ہائی ٹیک سٹی قابل ذکر ہیں۔ ای آٹوز ماحولیات دوست ہوں گے اور یہ مختلف ایجنسیوں کی جانب سے اپنی خدمات فراہم کریں گے۔ ابتدائی مرحلے میں چند اسٹیشنس پر ای آٹوز فراہم کئے جائیں گے جس کے بعد ان کے دائرے کارکردگی میں مزید اضافہ کیا جائے گا۔