میٹرو ریل ، فلک نما سے شمس آباد ایرپورٹ تک توسیع

حیدرآباد۔/2مئی، ( سیاست نیوز) ریاستی حکومت شہر کے اطراف میٹرو ریل کو توسیع دینے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ گچی باؤلی رائے درگم تا شمس آباد ایرپورٹ تک میٹرو ریل کی توسیع کا اعلان کرنے کے بعد اب ایل بی نگر سے براہ فلک نما، شمس آباد ایرپورٹ تک میٹرو ریل کو چلانے پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ امیر پیٹ تا ایل بی نگر کے درمیان میٹرو ریل سرویس بہت جلد شروع ہونے والی ہے۔ آئندہ دو ماہ میں اس سرویس کا چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ افتتاح کریں گے۔ املی بن بس اسٹیشن سے فلک نما تک مجوزہ میٹرو ریل پراجکٹ پر کام ہورہا ہے۔ وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے بتایا کہ فلک نما تک میٹرو ریل کا کام شروع ہونے کے بعد ایل بی نگر تا براہ فلک نما شمس آباد میٹرو ریل کو جوڑتے ہوئے اسے توسیع دی جائے گی۔ ناگول اور ایل بی نگر کے درمیان بھی میٹرو چلانے کی تجویز ہے۔