آر ٹی سی ، سٹ ون اور حیدرآباد میٹرو ریلوے کے حکام پر مشتمل ٹاسک فورس کی تشکیل
حیدرآباد ۔ 26 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : عوامی حمل و نقل کو بہتر بنانے کے لیے ٹاسک فورس کی عنقریب تشکیل عمل میں آئے گی جس کے ذریعہ میٹرو ریلوے اسٹیشن سے لے کر مسافرین کے گھر اور دفتر تک آخری منزل کے درمیان حمل و نقل کے رابطے کو یقینی بنانے کی سعی کی جائے گی ۔ مذکورہ ٹاسک فورس میں ٹرانسپورٹ شعبہ ، ٹی ایس آر ٹی سی ، حیدرآباد میٹرو ریل ، اور سٹ ون کے عہدیدار شامل رہیں گے جو کہ عوامی حمل و نقل کو بہتر سے بہتر بنانے کے علاوہ حمل نقل کے مختلف ذرائع کے درمیان مستحکم رابطوں کو یقینی بنائیں گے ۔ مذکورہ ٹاسک فورس عوامی حمل و نقل کے مختلف ذرائع کے درمیان رابطوں کے لیے تمام امور کا مختلف زاویوں سے جائزہ لے گی اور 2 ماہ کے اندرون میونسپل ایڈمنسٹریشن اینڈ اربن ڈیولپمنٹ کے وزیر کے ٹی راما راؤ کو اپنی رپورٹ پیش کرے گی ۔ میٹرو ریل بھون میں مذکورہ بالا شعبوں کے عہدیداروں کے ساتھ ہوئے ایک اجلاس میں کے ٹی آر نے اس بات پر زور دیا کہ ریلوے مسافرین کو آخری منزل ( ریلوے اسٹیشن سے گھر / دفتر ) تک حمل و نقل کے بہتر ذرائع کو یقینی بنایا جائے ۔ علاوہ ازیں خانگی بسوں ، ویانس اور آٹوز کو الکٹرانک گاڑیاں بنانے پر زور دیا گیا ہے اور میٹرو ریلوے اسٹیشن پر چارجنگ کا مرکز بھی فراہم کیا جائے گا ۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ حیدرآباد میٹرو ریل افتتاح کے دن سے ہی ہر گزرتے وقت کے ساتھ اپنی مقبولیت بڑھا رہا ہے اور عوام کی تعداد ہر دن اس میں بڑھ رہی ہے اور حیدرآباد میٹرو ریلوے ہندوستان کا سب سے بہتر ریلوے ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ سٹ ون ، جی ایچ ایم سی اور ایچ ایم آر ایل کے تعاون کے ذریعہ میٹرو ریلوے اسٹیشنوں پر گاڑیوں کے لیے چارجنگ پوائنٹس قائم کئے جارہے ہیں ۔ نیز انہوں نے مذکورہ شعبے جات کے عہدیداروں کو کاموں سے واقف کروایا ہے جن میں وہ سائن بورڈ بھی شامل ہیں جن کے ذریعہ شہریوں کو قریب ترین ریلوے اسٹیشن کا فاصلہ بتایا جائے گا ۔۔