ماحولیاتی آلودگی کی روک تھام پر خصوصی توجہ ،ماہرین کی خدمات کا حصول
حیدرآباد 26 اگست (سیاست نیوز) حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے میٹرو اسٹیشن کے ڈیزائنس و نمونوں کو قطعیت دی جاچکی ہے ۔ ایچ ایم آر نے میٹرو ریل اسٹیشنوں کی تیاری کیلئے نمونوں اور ڈیزائنس کے مقابلے جات منعقد کئے تھے تا کہ ماہرین کے ساتھ ساتھ عوامی معاونت کے ساتھ میٹرو اسٹیشنوں کے ڈیزائن تیار کئے جائیں۔ اس سلسلہ میں حیدرآباد میٹرو ریل نے مختلف کمپنیوں کی بھی خدمات حاصل کی۔ کئی آر کیٹکٹس نے حیدرآباد میٹرو ریل کے مقابلہ جات میں نہ صرف حصہ لیا بلکہ نمونوں کی تیاری میں بھی بہترین دلچسپی کا مظاہرہ کیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل نے اسٹیشنس پر نہ صرف ہریالی اور مختلف پودوں کے استعمال کے ذریعہ خوبصورتی اور نکھار پیدا کرنے کا فیصلہ کیا ہے بلکہ میٹرو اسٹیشنس میں اس طرح کے پودے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو کہ آلودگی میں کمی لانے میں معاون ثابت ہوتے ہیں۔ بتایا جات ہے کہ حیدرآباد میٹرو ریل اسٹیشنوں میں سائیکل پارکنگ کے علاوہ موٹر کاروں اور بائیک کے لئے علحدہ پارکنگ کا نظم رکھنے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے لیکن خصوصی توجہ ماحولیاتی آلودگی سے پاک اسٹیشن کی تعمیر پر مرکوز کی جارہی ہے ۔دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میںجہاں کہیں میٹرو اسٹیشن تعمیر کئے جائیں گے ان تمام مقامات پر ماحولیاتی آلودگی سے پاک ماحول کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے زیادہ سے زیادہ شجرکاری کا منصوبہ ہے ۔حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کا آغاز کے ساتھ شہر کے کئی علاقوں میں درختوں کو کاٹنے کا عمل انجام دیا گیا لیکن شہر کی ترقی کے نام پر درختوں کی کٹوائی پر یہ کہتے ہوئے خاموشی اختیار کی گئی تھی کہ پراجکٹ کی تکمیل کے ساتھ ساتھ حیدرآباد میٹرو ریل کی جانب سے دونوں شہروں میں شجر کاری کو یقینی بنایا جائے گا چونکہ شجرکاری اور پیڑ پودوں کے ذریعہ شہر میں ماحولیاتی آلودگی پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ حیدرآباد میںماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کیلئے ہر گوشہ سے مطالبہ کیا جاتا ہے لیکن حیدرآباد میٹرو ریل توقع ہے کہ میٹرو اسٹیشنس میں ماحولیاتی آلودگی کو دور کرنے کیلئے شجر کاری کو یقینی بنائے گی۔