میٹرو اسٹیشن پر ایپ کے ذریعہ پارکنگ کی جگہ معلوم کرنے کی سہولت

حیدرآباد ۔ 5 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : حیدرآباد میٹرو ریل نے مسافرین کو کئی ایک سہولیات فراہم کردی ہیں اب ان سہولیات کی فہرست میں مزید ایک سہولت کا اضافہ ہونے جارہا ہے اور یہ سہولت مسافرین کی 2 اور 4 پہیوں کی گاڑی کی مطلوبہ میٹرو اسٹیشن پر پارکنگ کے لیے جگہ کی فراہمی کی پیشگی میں تفصیلات فراہم کرنا ہے ۔ مسافرین اب ایک ایپ کے ذریعہ پہلے ہی اس بات کو یقینی بنائیں گے ۔ جس میٹرو ریلوے اسٹیشن پر وہ اپنی گاڑی پارک کرنا چاہتے ہیں وہاں پارکنگ موجود ہے یا نہیں اگر پارکنگ کی جگہ موجود نہیں ہے تو پھر وہ کسی اور اسٹیشن سے اپنے سفر کا آغاز کرسکتے ہیں جہاں پارکنگ کی جگہ ان کی گاڑی کے لیے موجود ہو ۔ تفصیلات کے بموجب حیدرآباد میٹرو ریل حکام نے ’ انٹگریٹیڈ پارکنگ مینجمنٹ سسٹم (آئی ایس پی ایم ایس ) کا اعلان کیا ہے ۔ اسمارٹ اور ایس آئی ایس پی ایم ایس نظام کے ذریعہ ایک ایپ کام کرے گا جو کہ مسافرین کو میٹرو ریلوے اسٹیشنوں پر بائیک اور کار کے لیے پارکنگ کی خالی جگہ کی نشاندہی کرے گا ۔ اس ایپ میں خالی اور ناکافی جگہ کی نشاندہی کے لیے ہرا ، زعفرانی اور سرخ رنگ استعمال کیا گیا ہے ۔ اگر پارکنگ کی جگہ موجود ہے تو اس کی نشاندہی ہرے رنگ سے کی جائے گی اور پارکنگ کی جگہ تھوڑی ہے تو اس زعفرانی رنگ کے ذریعہ ظاہر کیا جائے گا اور اس طرح اگر پارکنگ کی جگہ نہیں ہے تو اسے سرخ رنگ سے ظاہر کیا جائے گا ۔۔