میٹرو اسٹیشنوں پر عصری بیت الخلاؤں میں اضافے کا منصوبہ

حیدرآباد ۔ 23 جون (سیاست نیوز) میٹرو ریلوے اسٹیشنوں کو مسافرین کیلئے ہر سہولت سے آراستہ کرنے میں انتظامیہ کوئی کسر نہیں چھوڑ رہا ہے جیسا کہ ان اسٹیشنوں سے مسافر کے گھروں اور دفاتر تک کی مسافت کے سفر کو آسان بنانے کیلئے الیکٹرانک کاریں، بائیکس اور سائیکلوں کے علاوہ الیکٹرانک بسیں بھی جلد ہی سڑکوں پر دوڑتی نظر آئیں گی جبکہ ریلوے اسٹیشن کے قریب ماحول دوست بیت الخلاء کی تعمیر (نصب) کرنے پر خاص توجہ دی جارہی ہے۔ میاں پور، کوکٹ پلی، جے این ٹی یو اور رسول پورہ اسٹیشن کے پاس بیت الخلاء نصب کرنے کے بعد اب انتظامیہ ان عصری بیت الخلاء کو مزید وسعت دینے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ تفصیلات کے بموجب مردوں کے استعمال کیلئے فرائم کئے جانے والے ان بیت الخلاء پر فی کس 3 لاکھ روپئے کے مصارف برداشت کئے جارہے ہیں لیکن ان بیت الخلاؤں کے کامیاب ہونے کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں اور آنے والا وقت ہی بتائے گا یہ عصری بیت الخلاء کس حد تک کامیاب ہوتا ہے۔