حیدرآباد ۔ 5؍ اکٹوبر ( این ایس ایس ) حیدرآباد انٹرنیشنل کانفرنس سنٹر میں گیارہویں میٹرو پولِِس کانگریس 2014 کی پانچ روزہ کانفرنس ’ شہریں سب کے لئے ‘ کے زیر عنوان 6 اکٹوبر پیر سے شروع ہوگی ۔ علحدہ ریاست تلنگانہ کے قیام کے بعد شہر حیدرآباد اپنی نوعیت کی یہ پہلی بڑی بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کر رہا ہے جس میں تقریباً 50 ممالک کے 2000 مندوبین شرکت کریں گے ۔ گورنر ای ایس ایل نرسمہن 7 اکٹوبر کو کانفرنس کا رسم افتتاح کریں گے جس میں مرکزی وزیر شہری ترقیات ایم وینکیا نائیڈو ‘ تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھرراؤ اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی ۔ صدرِ جمہوریہ پرنب مکرجی 9 اکٹوبر کو اختتامی اجلاس سے خطاب کریں گے ۔ دنیا کے تقریباً 468 شہروں سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور میئران بھی مختلف شہری امور پر تبادلہ خیال کریں گے ۔ جوہانسبرگ ‘ بارسلونا ‘ برلن ‘ بحرین ‘ تہران اور دیگر کئی شہروں کے میئروں نے شرکت کی توثیق کی ہے ۔ سابق صدر جمہوریہ اے پی جے عبدالکلام ’جمہور کا‘ جمہورکی طرف سے اور جمہور کے لئے ‘ کے زیر عنوان کلیدی خطبہ دیں گے ۔ ڈی آر ڈی او کے سابق سربراہ وی کے سرسوت اور نوبل انعام یافتہ راجندر پچوری بھی خطاب کریں گے ۔ تلنگانہ کے چیف سکریٹری راجیو شرما نے کہا کہ میٹرو پولس کانگریس دراصل ترقیات اور نظریات کے تبادلہ کا ایک موثر فورم ہے ۔ جی ایچ ایم سی کے کمشنر سومیش کمار نے کہا کہ حیدرآباد کے برانڈ امیج کو مزید بہتر بنانے کے لئے اس کانفرنس کے شایان شان انعقاد کے وسیع تر انتظامات کئے گئے ہیں ۔ جگہ جگہ خیرمقدمی کمانیں نصب کی گئی ہیں اور کانفرنس گاہ کا قریبی علاقہ جشن اور تہوار کا منظر پیش کر رہا ہے ۔ سائبرآباد پولیس کمشنر سی وی آنند نے کہا کہ اس مقام پر 750 ملازمین پولیس تعینات کئے گئے ہیں ۔ تقریباً 60 ملازمین پولیس بین الاقوامی مندوبین کے سفر میں رہنمائی کریں گے ۔