میٹروریل کی تعمیر کے لئے آئندہ سال نومبر تک مہلت میں توسیع

حیدرآباد5جولائی(یواین آئی)تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد میٹروریل کی تعمیر کے لئے آئندہ سال نومبر تک مہلت میں توسیع کی ہے ۔حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ(ایچ ایم آر ایل)جو اپنے شیڈول سے پیچھے چل رہا ہے ،کو 6کیلومیٹر(پانچ کیلو میٹر پرانا شہر حیدرآباد اورایک کیلومیٹر ہائی ٹیک سٹی تا رائے درگ روٹ )کے ماسواتین راہداریوں کی تکمیل کرنی ہوگی ۔اصل معاہدہ کے مطابق لارسن اینڈٹبرو(ایل اینڈٹی)کو جولائی 2017تک مکمل پروجیکٹ(تمام تین راہداریاں)کی تکمیل کرنی تھی تاہم اس پروجیکٹ کے آغاز کے سلسلہ میں بعض اہم جائیدادوں کے حصول میں عدالتی معاملت کے سبب تاخیر ہوئی ۔یہ فیصلہ ایل اینڈ ٹی میٹرو ریل حیدرآباد لمیٹیڈ،آزادانہ انجینئرلوئیس برگ اورایچ ایم آر ایل کے ساتھ کئی دور کی بات چیت اور تکنیکی پریزنٹیشن کے بعد ریاستی حکومت نے کیا ۔حکومت نے نومبر 2018تک پرانا شہر حیدرآباد کی پانچ کیلومیٹر کی روٹ اور ہائی ٹیک سٹی تا رائے درگ کے درمیان ایک کیلو میٹر کی روٹ کو چھوڑ کر مکمل حیدرآباد میٹرو ریل پروجیکٹ کی تکمیل کی اجازت دی ہے ۔ایچ ایم آر کے منیجنگ ڈائرکٹر این وی ایس ریڈی جن کی ٹیم کے لئے یکم جولائی 2017تک ایک اور سال کی مہلت میں توسیع کی گئی ہے ، کے مطابق اس پروجیکٹ کی تکمیل میں کچھ تاخیر ہوئی ہے ۔یہ تاخیر ، بعض اہم جائیدادوں کے حصول میں عدالتی معاملات کے سبب ہوئی ہے ۔انہوں نے کہاکہ حکومت نے 17ماہ تک کے وقت میں توسیع دینے پر رضامندی کااظہار کیا ہے ۔اس وقت کی توسیع پر اتفاق کرتے ہوئے حکومت کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔تلنگانہ کے چیف سکریٹری ایس پی سنگھ نے گزشتہ روز اس مسئلہ پر پروجیکٹ کی پیشرفت کا جائزہ لیا۔