میٹرواسٹیشنس پر اسمارٹ پارکنگ سہولیات،ابتدائی امور مکمل

حیدرآباد۔18 جولائی (سیاست ڈاٹ کام)دونوں شہروں حیدرآباد اور سکندرآباد میں میٹرو ریل اسٹیشنوں پرجدید و عصری اسمارٹ پارکنگ سہولتیں فراہم کرنے کے لئے بلدی نظم و نسق و شہری ترقیات کے وزیر کے ٹی راما راؤ کی ہدایت پر حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ (ایچ ایم آر ایل )نے میاں پور،امیر پیٹ اورناگول کے کارکرد 30 کیلومیٹرس میں واقع 24 اسٹیشنوں پر عوامی۔خانگی شراکت داری کی اساس پر اسمارٹ پارکنگ کے فروغ کا منصوبہ تیار کرلیا ہے اور بولیوں کو قطعیت دے دی ہے۔ منیجئنگ ڈائرکٹر ایچ ایم آر ایل مسٹر این وی ایس ریڈی نے اس خصوص میں کہا ہے کہ تین کمپنیوں نے بولی میں حصہ لیا تھا اور مسز زروٹی سالیوشنس کو لائسنس یافتہ کے طور پر منتخب کرلیا گیا ہے جو مسز ایجائیل پارکنگ سالیوشنس پرائیویٹ لمیٹیڈ کے ساتھ تکنیکی اشتراک حاصل کرے گی، آخر الذکر کمپنی اسمارٹ پارکنگ کا بین الاقوامی تجربہ رکھتی ہے۔ مسززروٹی سالیوشنس 8 کروڑ روپے کا سرمایہ لگائے گی اور ان 24 میٹرو ریلوئے اسٹیشنوں پر عالمی معیار کی اسمارٹ پارکنگ سہولیات کا مرکز بنائے گی اور ان کی دیکھ بھال کرے گی اور چلائے گی۔یہی نہیں بلکہ 20 برسوں کی مدت میں ایچ ایم آر ایل کو 7 کروڑ روپے کی رقم بھی ادا کرے گی۔ ’’پارک حیدرآباد‘‘ کے برانڈ نام کے تحت ایچ ایم آر ایل کا مربوط اسمارٹ پارکنگ سسٹم ایک جامع ڈیجیٹل سالیوشن اساسی ہوگاجو سارے پارکنگ امور کے احاطہ کوزیادہ انسانی مداخلت کے بغیر چلائے گا۔ یہ ایک سٹیزن موبائیل ایپ بھی رکھے گا جومیٹرو اسٹیشنوں پر تمام آن اسٹریٹ اسمارٹ پارکنگ لاٹس سے بروقت معلومات فراہم کرے گا۔ ٹووہیلرس اور فو روہیلرس کے مالکین اپنے جی پی ایس کو استعمال کرتے ہوئے کسی بھی میٹرو اسٹیشن کا سفر کرنے سے قبل اپنی مطلوبہ پارکنگ کی فراہمی ڈیجیٹل جانچ کرسکتے ہیں۔ یہ لوگ اپنے اسمارٹ فون پر اپنی لوکیشن سرویس کو استعمال کرسکتے ہیں اور سسٹم ان 24 میٹرو اسٹیشنوں پر تقریباً 4,000 ٹووہیلرس پارکنگ بیز اور 400 فور وہیلرس پارکنگ بیز میں اپنی گاڑی کو پارک کرنے دستیاب بیز کو ڈسپلے کرے گا۔ پارکنگ فیس ٹووہیلرس کے لئے فی گھنٹہ 3 روپے اور فو وہیلرس کے لئے 8 روپے فی گھنٹہ ہوں گی۔