مین ہول کے سیوریج کی انسان کے بغیر صفائی کی سمت حیدرآبادکاپہلا قدم

حیدرآباد 5جون (یواین آئی )مین ہول کے سیوریج کی انسان کے بغیر صفائی کی سمت پہلاقدم اٹھاتے ہوئے حیدرآبادمیٹرو پولیٹن واٹرسپلائی اینڈ سیوریج بورڈ نے اپنی گاڑیوں کے بیڑہ میں70نئی منی جیٹنگ مشینوں کو شامل کیا۔20کروڑروپئے کے صرفہ سے ان نئی گاڑیوں کو شامل کرتے ہوئے ان مشینوں کو تلنگانہ کے وزیر بلدیا تی نظم ونسق کے ٹی راما راونے جھنڈی دکھائی۔روایتی مشینوں کے برخلاف یہ منی جیٹنگ مشینیں چھوٹی گلیوں اورکالونیوں کی بائی لینس میں جاکر مین ہولس کے سیوریج کی آسانی کے ساتھ صفائی کاکام انجام دے سکتی ہیں۔بارش کے موسم میں مین ہول کی صفائی کے دوران دم گھٹنے سے کئی سینی ٹیشن ورکرس کی اب تک اموات کے واقعات پیش آچکے ہیں جس کو دیکھتے ہوئے ان سینی ٹیشن ورکرس کی جان کو بچانے کے لئے ان 70عصری ایر جیٹنگ مشینوں کو پونے سے لایا گیا ۔اس طرح اب مین ہول سے سیوریج کی انسان کے بغیر صفائی کی جاسکے گی ۔شہر حیدرآباد میں کئی بستیوں میں تنگ گلیاں بھی ہیں جہاں یہ مشینیں کافی مددگارثابت ہوسکتی ہیں۔