مین ہول میں گرنے والے دو افراد کو بچا لیا گیا

نظام پیٹ سرینواس کالونی میں دو افراد کی نئی زندگی،عوام احتیاط کریں
حیدرآباد ۔ 24 ستمبر (سیاست نیوز) حالیہ بارش سے حیدرآباد جھیل میں تبدیل ہوگیا ہے۔ گاڑیاں چلانے والوں کو احتیاط برتنا ضروری ہے۔ گذشتہ دو دن کے دوران دو افراد کھلے مین ہول میں گرگئے۔ قسمت اچھی ہونے کی وجہ سے عوام نے انہیں بچا لیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے 27 ستمبر تک حیدرآباد کے بشمول تلنگانہ میں مزید تیز بارش ہونے کی پیش قیاسی کی ہے۔ گذشتہ دو دن سے حیدرآباد میں تیز بارش نہیں ہوئی ہے۔ تاہم اس سے قبل تین دن تک جو بارش ہوئی ہے، شہر کے کئی علاقے جھیل میں تبدیل ہوگئے ہیں جہاں آج بھی گھٹنوں برابر پانی جمع ہے اور سڑکوں کی ابتر صورتحال ہے۔ جی ایچ ایم سی، واٹر ورکس اور محکمہ پولیس کی جانب سے پانی کی نکاسی کیلئے کئی علاقوں میں مین ہول کے ڈھکن کھول دیئے گئے ہیں مگر احتیاط برتنے کے کوئی سائن بورڈ نہیں لگائے گئے ہیں جس سے گاڑیاں چلانے والوں کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک ہفتہ کے دوران کئی ٹو وہیلر گاڑیاں مین ہول میں گرجانے کے واقعات پیش آئے ہیں۔ جمعہ کے دن ناچارم میں لگیج سے لدے آٹو ٹرالی پانی میں پھنس گئی تھی اس کی مدد کرنے کیلئے پہنچنے والا ایک شخص مین ہول میں اچانک گر پڑا۔ قریب میں موجود دوسرے افراد نے اس کو بچا لیا۔ آج نظام پیٹ کے سرینواس کالونی میں بالاجی ٹاور کے قریب گھٹنے تک موجود پانی کی پرواہ کئے بغیر ٹووہیلر پر سوار تھا اچانک کھلے مین ہول میں گر گیا۔ مقامی عوام نے اس کو بھی بچا لیا۔ گھروں سے پیدل یا گاڑیوں پر نکلنے عوالے عوام کو احتیاط برتنا لازمی ہوگیا کیونکہ کہاں گڑھا ہے اور کہاں مین ہول کھلا ہے کسی کو اس کی اطلاع نہیں ہے۔