مینکاگاندھی کے خلاف ہرجانہ مقدمہ دائر کرنے شفاعت علی خاں کا انتباہ

حیدرآباد۔/7نومبر، ( پی ٹی آئی) ماہر نشانہ باز شکاری شفاعت علی خاں نے آج کہا کہ وہ مرکزی وزیر مینکا گاندھی پر ہرجانہ کا مقدمہ دائر کریں گے۔ مینکا گاندھی نے گزشتہ ہفتہ مہاراشٹرا میں آدم خور شیرنی کو ہلاک کرنے پر شفاعت علی خاں کے خلاف توہین آمیز ریمارکس کئے تھے اور ان پر الزامات عائد کئے تھے۔ شفاعت علی خاں نے کہا کہ ان کے فرزند اصغر علی خاں اور ٹیم کے 4 ارکان کو حکومت مہاراشٹرا کے محکمہ جنگلات کی جانب سے اختیاری مکتوب جاری کیا گیا تھا تاکہ وہ آدم خور شیرنی کو ہلاک کریں۔اس شیرنی نے گزشتہ دو سال سے مہاراشٹرا کے جنگلات میں 13 افراد کو لقمہ اجل بنایا تھا۔ شیرنی کو مہاراشٹرا کے ضلع ایوت محل میں 2 نومبر کو ہلاک کیا گیا۔ مرکزی وزیر بہبود خواتین و اطفال نے مہاراشٹرا کے وزیر جنگلات پر بھی تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ شیرنی کا شکار کرنے کیلئے خانگی شکاریوں کو کرایہ پر حاصل کیا گیا۔