حیدرآباد ۔ 25 ۔ جون : ( دکن نیوز ) : ادارہ سیاست اور مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کے زیر اہتمام دفتر مینارٹیز فورم ( ایم ڈی ایف ) میں دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا ۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست و سرپرست اعلی ایم ڈی ایف نے شرکت کی ۔ جناب ایم اے قدیر کارگزار صدر نے جناب زاہد علی خاں کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں گلدستہ پیش کیا ۔ واضح رہے کہ مینارٹیز ڈیولپمنٹ فورم کی جانب سے دونوں شہروں کے اہم مقامات ہی نہیں بلکہ اضلاع میں دوبدو ملاقات پروگرام بڑی کامیابی و کامرانی سے جاری ہیں ۔ اب تک 63 دوبدو ملاقات پروگرام جناب زاہد علی خاں اور جناب ظہیر الدین علی خاں کی سرپرستی میں انجام پائے ۔ اس کے علاوہ اضلاع محبوب نگر ، ورنگل اور کریم نگر کے علاوہ بیرون ممالک میں اس پروگرام نے اہم حصہ ادا کیا ہے ۔ جناب ایم اے قدیر نے بتایا کہ سیاست اور ایم ڈی ایف کی جانب سے صرف دوبدو ملاقات پروگرام ہی نہیں بلکہ میڈیکل کیمپس اور آپسی تنازعات کی کونسلنگ اور عمر رسیدہ افراد کیلئے محکمہ بلدیہ کی جانب سے شناختی کارڈ میں مدد کی جاتی ہے جس سے اب تک معمرمرد و خواتین نے استفادہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ابھی معمرین کے کارڈس تیار ہو کر ایم ڈی ایف کو موصول ہوئے ہیں جن کی عنقریب تقسیم عمل میں لائی جائیگی ۔ دعوت افطار میں ایم ڈی ایف کے عہدیدار و اراکین جن میں قابل ذکر محمد تاج الدین ، ڈاکٹر ایوب حیدری ، میر انور الدین ( نائب صدور ) ، محمد نصر اللہ خاں پبلسٹی سکریٹری ، خدیجہ سلطانہ ، ایم اے واحد ، ڈاکٹر سعادت علی ، محمد احمد ، سید اصغر حسین ، صالح بن عبداللہ باحاذق ، اے اے کے امین ، لطیف النساء ، عابدہ بیگم ، محمد ناظم علی ، امتیاز ترنم ، ڈاکٹر دردانہ ، محمدی بیگم ، فرزانہ ، رئیس النساء ، نظام الدین لئیق ، شبانہ نعیم اور دوسروں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر جناب زاہد علی خاں کی خدمت میں محترمہ عرشیہ عامرہ نے بھی گلدستہ پیش کیا ۔ احمد صدیق مکیش آرگنائزیشن سکریٹری نے کارروائی چلائی اور شکریہ ادا کیا ۔