میلانیا ٹرمپ کا یو ایس ۔ میکسیکن سرحد کا غیرمعلنہ دورہ

میکالن ۔ 22 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی خاتون اول میلانیا ٹرمپ نے آج یو ایس ۔ میکسیکن سرحد کا اچانک دورہ کیا کیونکہ ان کے شوہر یعنی صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کو تارکین وطن کے خاندانوں کو منقسم کرنے کی کوشش پر شدید برہمی کا سامنا ہے جبکہ اس بحران پر ووٹنگ کیلئے ری پبلکن قانون سازوں پر تاخیر کرنے دباؤ ڈالا گیا۔ اب جبکہ ٹرمپ انتظامیہ اس سلسلہ میں اگلا قدم اٹھانے کی تیاری کررہا ہے وہیں پنٹگان نے یہ اشارے دیئے ہیں کہ یہ بحران طویل ہوسکتا ہے۔ دوسری طرف امریکی فوج کا کہنا ہیکہ تقریباً 20,000 ایسے تارکین وطن بچے جن کے ساتھ ان کے والدین نہیں ہیں، انہیں شیلٹر فراہم کیا جائے گا۔ یاد رہیکہ میلانیا ٹرمپ کا غیرمعلنہ دورہ ایک ایسے وقت ہوا جب صدر ٹرمپ نے تارکین وطن کے خاندانوں کو تقسیم ؍ جدا کرنے کے عمل کو روکنے کے حکم عاملہ پر دستخط کئے کیونکہ قبل ازیں اس بحران نے نہ صرف اندرون ملک بلکہ بیرون ممالک سے بھی امریکہ پر تنقیدوں کی بارش کردی تھی۔ فی الحال 2300 بچوں کے ان کے والدین سے فوری دوبارہ ملاقات کے امکانات نہیں ہیں جس سے ایک نیا تنازعہ پیدا ہوا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہیکہ بچے انتہائی ناقص حالات کا سامنا کررہے ہیں۔ میلانیا ٹرمپ نے اپ برنگنگ نیو ہوپ چلڈرنس شیلٹر کا دورہ کیا جہاں ہنڈوراس، گوئٹے مالا اور ال سیلویڈور سے تعلق رکھنے والے 55 بچوں کو رکھا گیا ہے جن کی عمریں 5 تا 17 سال ہیں۔