میلاد میدان خلوت میں آج جشن مولائے کائنات

مسلمان اہلبیت سے اپنی اٹوٹ وابستگی کا ثبوت پیش کرنے کی اپیل، ممتاز مشائخ و علماء کی شرکت و مخاطبت

حیدرآباد ۔ 27 اپریل (پریس ریلیز) متحدہ مجلس مشائخ کے زیراہتمام 28 اپریل اتوار کو بعد نماز عشاء میلاد میدان خلوت میں عظیم الشان فقیدالمثال ’’جشن مولائے کائنات‘‘ مقرر ہے، جس کا مقصد ملت اسلامیہ کی رہبری و رہنمائی ہے جس کے تحت مسلمانوں میں اہلبیت اطہار کی محبت و مودت کے جذبہ کو ابھارنا ہے تاکہ موجودہ دور میں مسلمانوں کے درمیان خارجیت کی جانب سے پیدا شدہ اہلبیت اطہار سے متعلق غلط پروپگنڈہ کا سدباب کیا جاسکے۔ عقیدہ اہلسنت کا صحیح پرچار نیز بدعقیدگی سے عوام کے ایمان کا تحفظ مشائخ و علماء کی اولین ذمہ داری ہے اور اسی سلسلہ کی ایک کڑی یہ کانفرنس ہے، جس میں شرکت ہر ذی شعور مسلمان کیلئے اشد ضروری ہے۔ کنوینرس مولانا سید احمدالحسینی سعیدالقادری، مولانا سید غلام صمدانی علی قادری اور مولانا سید آل مصطفی قادری الموسوی الجیلانی علی پاشاہ نے کہا کہ خانقاہی نظام کے استحکام اور تعلیمات تصوف کے فروغ کیلئے دکن کی ممتاز خانقاہوں پر مشتمل اکابر شیوخ طریقت کی سرپرستی میں اس کانفرنس کا انعقاد عمل میں لایا جارہا ہے۔ اس کانفرنس کی سرپرستی مولانا سید محمد صدیق حسینی قادری عارف سجادہ نشین بارگاہ حضرت خواجہ محبوب اللہؒ، مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری جانشین حضرت کاملؒ، مولانا سید کاظم پاشاہ قادری الموسوی الجیلانی سجادہ نشین خانقاہ موسویہ، مولانا سید اسرارحسین رضوی المدنی سجادہ نشین خانقاہ رضویہ، مولانا سید علی اکبر نظام الدین حسینی صابری سجادہ نشین بارگاہ حضرت شاہ خاموشؒ اور مولانا سید حسن ابراہیم حسینی قادری سجاد پاشاہ جانشین حضرت شیخ الاسلامؒ کریں گے جبکہ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے دکن کے مشائخ و علماء شرکت و مخاطبت کی سعادت حاصل کریں گے۔ مولانا سید محمود پاشاہ قادری زرین کلاہ، مولانا سید ظہیرالدین علی صوفی قادری، مولانا سید محمد علی قادری الہاشمی ممشادپاشاہ نے عوام سے شرکت کی اپیل کی۔