واشنگٹن ۔ 20 جنوری۔( سیاست ڈاٹ کام ) امریکہ کی خاتون اول میشل اوباما نے ایک انتہائی اہم اور معزز ہندوستانی نژاد امریکی ڈاکٹر جو مغربی افریقہ میں جان لیوا بیماری ایبولا کی روک تھام کے لئے کوشاں ہیں کو کل اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کے لئے خصوصی طورپر مدعو کیا ہے۔ ڈاکٹر پرنوشیٹی جس کا تعلق انٹرنیشنل میڈیکل کارپس سے ہے ، ایسے واحد ہندوستانی نژاد امریکی ڈاکٹر ہیں جنہیں مشیل اوباما نے باوقار اسٹیٹ آف دی یونین خطاب کیلئے مدعو کیا ہے جو یو ایس کانگریس میں میشل اوباما کے ساتھ خصوصی باکس میں تشریف رکھیں گے جہاں امریکی صدر براک اوباما اسٹیٹ آف دی یونین سے خطاب کریں گے ۔ ڈاکٹر شیٹی گلوبل ایمرجنسی ہیلتھ کوآرڈینیٹر ہیں جو انٹرنیشنل میڈیکل کارپس میں اپنے فرائض انجام دیتے ہیں جو امریکہ کی جانب سے مغربی افریقہ میں ایبولا جیسی جان لیوا بیماری کی روک تھام کیلئے اُس کا شراکت دار ہے ۔