حیدرآباد ۔ 28۔ مارچ (سیاست نیوز) وائس چانسلر عثمانیہ یونیورسٹی پروفیسر رام چندرن اور رجسٹرار گوپال ریڈی نے آج ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر تعلیم کے سری ہری سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر کی جانب سے میس چارجس میں اضافہ کے فیصلے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے طلبہ کے احساسات سے واقف کرایا ۔ حکومت کے اس فیصلہ سے تلنگانہ میں تقریباً 18 لاکھ طلبہ کو فائدہ ہوگا۔ یونیورسٹی میں زیر تعلیم طلبہ میں بھی اس فیصلہ سے مسرت کی لہر دوڑ گئی ہے۔ غریب طلبہ جو اپنی معاشی تنگ دستی کے باعث ہاسٹلس میں رہ کر تعلیم حاصل کر رہے ہیں، اس فیصلہ سے کافی مدد ملے گا۔ وائس چانسلر اور رجسٹرار نے طلبہ کے مسائل پر چیف منسٹر کی خصوصی دلچسپی کی ستائش کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر سری ہری نے کہا کہ وہ وزیر تعلیم کی حیثیت سے طلبہ کے مسائل کو وقتاً فوقتاً چیف منسٹر سے رجوع کر رہے ہیں۔ اور میس چارجس میں ا ضافہ کا فیصلہ یقیناً انقلابی اقدام ہے۔ طلبہ کو نہ صرف معاشی پریشانیوں سے نجات ملے گی بلکہ تعلیم جاری رکھنے میں بھی مدد ملے گی۔