سینٹیاگو۔25 ڈسمبر(سیاست ڈاٹ کام)اسپین کی فٹ بال لیگ لالیگا کے ایک اہم میچ میں بارسلونا نے ریئل میڈرڈ کو 3-0 سے شکست دی جس کے بعد میڈرڈ کے خطاب کی دوڑ سے باہر ہونے کے امکانات پیدا ہوگئے ہیں۔سینٹیاگو بیرنابیو میں کھیلے گئے نہایت اہم میچ میں بارسلونا کے اسٹار کھلاڑیوں میسی اور لوئس سواریز نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کرکے اپنی ٹیم کو نشانات کے جدول پر سرفہرست مقام دلودیا ہے۔ بارسلونا کی جانب سے سواریز نے کھیل کے 54 ویں منٹ میں میچ کا پہلا گول کرکے برتری دلادی جس کو میسی نے دوسرا گول کرکے ٹیم کی برتری کو دوگنا کردی۔ میڈرڈ کو میچ کے 63 ویں منٹ میں اس وقت بڑا دھکا لگا جب ڈینی کیرویجال کو سرخ کارڈ دکھا کر میدان بدر کردیا گیا جس کے بعد 10 کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے والی ٹیم پر بارسلونا نے تابڑ توڑ حملے کئے۔بارسلونا کی جانب سے ویڈال نے تیسرا گول بناکر کر ٹیم کی کامیابی کو یقینی بنایا تاہم رونالڈو اور گیراتھ بیل جیسے اسٹارز کی موجودگی میں ریئل میڈرڈ شکست کے فرق کو بھی کم کرنے میں ناکام رہی۔بارسلونا اس کامیابی کے ساتھ 45 نشانات حاصل کرکے فہرست میں پہلی مقام اپنے نام کرلیا جو ایٹلیٹکو میڈرڈ سے 9 نشانات زیادہ ہیں، تیسرے نمبر پر ویلنسیا ہے جس کے نشانات 34 جبکہ ریئل میڈرڈ اس شکست کے بعد چوتھے مقام پر چلی گئی ہے اور ان کے نشانات کی تعداد 31 ہے۔ میڈرڈ کو خطاب کی دوڑ میں شامل رہنے کے لیے ایک میچ کا موقع ہے تاہم نشانات کا فرق واضح طور پر ان کے مخالف ہے جس کے باعث میڈرڈ کے امکانات معدوم نظر آرہے ہیں۔ میڈرڈ کے کوچ زین الدین زیدان نے اس شکست کے بعد کہا کہ اس شکست سے دل بہت دکھا ہے کیونکہ ہمارے لیے یہ میچ بہت اہم تھا لیکن یہی پر ختم نہیں ہوا، ایسا لگتا ہے لیکن ہم ایسے نہیں چھوڑ سکتے۔یاد رہے کہ بارسلونا کی رواں سال اگست میں اسپینش سوپر کپ میں ریئل میڈرڈ سے ہوئی شکست کے بعد یہ مسلسل 25 ویں کامیابی ہے جبکہ ان کے ایک اہم کھلاڑی نیمر کلب چھوڑ کر پیرس سینٹ جرمین کا حصہ بن چکے ہیں۔میڈرڈ کے کرسٹیانو رونالڈو نے حال ہی میں میسی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بیلن ڈی اور ایوارڈ اپنے نام کیا تھا تاہم اس اہم میچ میں خاطر خوا کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔