میزائل ’’دھنش‘‘ کا کامیاب تجربہ

برہموس میزائل کے صحافتی بیان اور تصاویر سے فوج دستبردار
بالاسور (اوڈیشہ)۔9 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان نے آج نیوکلیئر صلاحیت کے حامل میزائل ’’دھنش‘‘ کا اڈویشہ کے ساحل پر بحری جہاز کے ذریعہ 350 کیلومیٹر دور تک نشانہ لگانے والے بالسٹک میزائل کا کامیاب تجربہ کیا۔ زمین سے زمین پر ضرب لگانے والا یہ میزائل ہندوستان نہایت ہی عصری ترین تیار کردہ پرتھوی میزائل کا عصری چربہ ہے۔ اس میزائل کو خلیج بنگال میں جہاز سے داغا گیا۔ ڈی آر ڈی او کے سائنس دانوں نے مسلح فورسیس کی جانب سے کی جانے والی فوجی مشقوں کے حصہ کے طور پر میزائل کا بھی تجربہ کیا ہے جو اپنے نشانہ پر کامیابی سے ضرب لگایا ہے۔ میزائل کو داغے جانے اور اس کی کارکردگی کی نگرانی ڈی آر ڈی او کے ٹیلی میٹری کی گئی۔نئی دہلی سے موصولہ اطلاع کے بموجب فوج نے آج برہموس میزائل کی کامیاب آزمائشی پرواز سے متعلق جاری کردہ بیان اور تصاویر سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ فوج نے کہا کہ اس بارے میں وجوہات کا انکشاف نہیں کیا جاسکتا۔ محکمہ دفاع کے شعبہ پریس انفارمیشن بیورو (پی آئی بی) نے پہلے دو تصویریں آج دوپہر جاری کی تھیں جن میں برہموس میزائل کو کارنیکوبار جزائر سے داغتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ کچھ دیر بعد ایک بیان بھی جاری کیا گیا تھا جو 11 بجے دن برہموس میزائل کی کامیاب آزمائشی پرواز کے بارے میں تھا، لیکن ایک گھنٹے بعد فوج نے ذرائع ابلاغ کو ہدایت جاری کی کہ فوج ان تصاویر اور صحافتی بیان سے دستبرداری اختیار کررہی ہے چنانچہ انہیں شائع نہ کیا جائے تاہم موقف میں تبدیلی کے بارے میں کوئی تفصیلات کا انکشاف نہیں کیا جاسکتا۔