میر واعظ عمر فاروق گھر پر نظر بند

سرینگر۔ یکم ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اعتدال پسند حریت کانفرنس کے چیرمین میر واعظ عمر فاروق کو احتیاطی تدابیر کے طور پر آج گھر پر نظر بند کرتے ہوئے ان کی تنظیم کے ایک روزہ اجلاس کو ناکام بنادیا گیا۔ میر واعظ نے ٹوئٹر پر الزام عائد کیا کہ علیحدگی پسندوں کو کسی بھی قسم کی سیاسی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ انہوں نے اپنی رہائش گاہ اور راج باغ میں واقع حریت کانفرنس کے دفتر کی تصاویر پیش کرتے ہوئے پولیس کارروائی کی مذمت بھی کی۔ میر واعظ نے ٹوئٹر پر مزید لکھا کہ ’حریت کے ورکروں اور نمائندوں کو ایک روزہ سیشن میں شرکت سے روک دیا گیا۔ پھر ایک مرتبہ گھر پر نظربند کردیا گیا۔ راج باغ میں حریت کے دفتر کو مہر بند کردیا گیا۔ سیاسی سرگرمی کے لئے کوئی جگہ باقی نہیں رکھی گئی۔ دیانت دار جمہوریت پر عمل آوری کے لئے آپ کا بے حد شکریہ گورنر صاحب!