صنعتی آلودگی سے پاک بنانے پر توجہ ، اسمبلی میں وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر کا بیان
حیدرآباد ۔ 28 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : وزیر بلدی نظم و نسق تلنگانہ کے ٹی آر نے کہا کہ میر عالم ٹینک کی عظمت رفتہ بحالی کے علاوہ دوسرے 20 تالابوں کے تحفظ اور خوبصورتی کے لیے 287.93 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں ۔ آج اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں جملہ 185 تالاب موجود ہیں ۔ برسوں سے ان تالابوں میں ڈرینج کا پانی جمع ہورہا ہے اور دوسری مختلف چیزوں سے تالاب متاثر ہورہے ہیں ۔ پہلے مرحلے میں گریٹر حیدرآباد کے 20 تالابوں کا انتخاب کیا گیا ۔ اس میں میر عالم ٹینک بھی شامل ہے ۔ اس کی صفائی اور سیاحتی مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ تالابوں کے احاطے سے ڈرینج کے گندے پانی کا رخ موڑ دیا جارہا ہے جو تالابوں سے گذر رہے ہیں ۔ تالابوں سے مٹی نکاسی جاری ہے ۔ کچرے کی صفائی کی جارہی ہے ۔ خانگی اداروں کے اشتراک سے 40 کروڑ روپئے خرچ کرتے ہوئے تالابوں کو خوبصورت بنایا جارہا ہے ۔ بڑے پیمانے پر قانون کی خلاف ورزی ہورہی ہے ۔ ماضی میں شکم میں پٹے دئیے گئے ہیں ٹی ڈی آر پالیسی کے تحت پٹہ داروں کو دوسرے مقامات پر دوگنی اراضی فراہم کی جارہی ہے ۔ پولیوشن کنٹرول بورڈ ، پولیس اور جی ایچ ایم سی کو تالابوں کی حفاظت و نگرانی کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے ۔ انسداد آلودگی کے لیے تلنگانہ اسٹیٹ پولیوشن کنٹرول بورڈ نے خصوصی رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں ۔ بورڈ کی جانب سے تمام صنعتی آوٹ لیٹس کو بند کرنے کی ہدایت دی جس سے تالابوں کا پانی آلودہ ہورہا ہے ۔ صنعتوں کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ آبرسانی پانی کی نکاسی کے لیے علحدہ ڈرینج لائن کی تعمیر کو یقینی بنائے ساتھ ہی زیادہ اور کم ٹی ڈی ایس کو علحدہ کرنے کے صنعتوں کو احکامات جاری کئے گئے ہیں ۔ وزیر بلدی نظم و نسق نے کہا کہ یہ قدرتی آفات و سماوی نہیں بلکہ انسانی آفات سماوی ہے جو عوام کی جانب سے ہی نقصان پہونچایا جارہا ہے ۔۔