قریبی علاقوں کے عوام میں مایوسی ، تالاب کے پانی کو صاف و شفاف بنانے ایچ ایم ڈی اے کو غور و خوض کی ضرورت
حیدرآباد ۔ 2 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : میر عالم تالاب کے ترقیاتی کاموں کی رفتار انتہائی سست بنی ہوئی ہے اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیدار اس پراجکٹ کی عاجلانہ تکمیل کے لیے سنجیدہ بھی نظر نہیں آرہے ہیں ۔ پرانے شہر میں واقع اس وسیع و عریض تالاب کے اطراف بلدیہ کے منصوبہ کے مطابق 6.5 کیلو میٹر کی نکلس روڈ کی تعمیر کا منصوبہ ہے اور اس منصوبہ کو قابل عمل بنائے جانے کی صورت میں میر عالم تالاب کے اطراف کے علاقے کشن باغ ، بہادر پورہ ، حسن نگر ، راجندر نگر کی کافی ترقی کے امکانات ہیں لیکن ان علاقوں کے عوام تالاب کے ترقیاتی کاموں کی سست رفتار سے مایوس ہوتے جارہے ہیں ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروں کے بموجب 40 کروڑ کی لاگت سے تالاب کے اطراف ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کا آغاز کردیا گیا ہے ۔ بلدی عہدیداروں کے اس دعوے کو درست مان لیا جائے تو اب تک ترقیاتی کاموں کے موقف میں کوئی خاص تبدیلی نظر نہیں آرہی ہے ۔ جس کی وجہ بتایا جاتا ہے کہ عہدیداروں کی اس پراجکٹ میں کوئی خاص دلچسپی نہیں ہے ۔ میر عالم تالاب کے اطراف نکلس روڈ ، تھیم پارک ، ایکوریم وغیرہ کی تعمیر کے ذریعہ اس علاقہ کو ترقی دینے کے منصوبہ کے ساتھ جی ایچ ایم سی عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ فوری طور پر حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے تعاون سے تالاب کی صفائی کو یقینی بنائے اور خاص طور پر تالاب میں چھوڑے جارہے گندے پانی کو بند کرنے کے اقدامات کرے ۔ تالاب کے اطراف کے کئی رہائشی علاقوں سے ڈرینج کی لائن تالاب میں چھوڑے جانے سے علاقہ میں تعفن پھیلا ہوا ہے اور تالاب کی گندگی میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔ تالاب میں آئے دن خود رو پودوں میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے اور یہ پودے اب پانی کی سطح کے اوپر نظر آنے لگے ہیں ان پودوں اور ڈرینج کے پانی کی صفائی کو فوری طور پر شروع کرتے ہوئے تالاب میں پھیل رہی گندگی کو روکا جاسکتا ہے اور اس گندگی کی صفائی کے لیے ضروری ہے کہ حکومت مجلس بلدیہ عظیم ترحیدرآباد اور حیدرآباد میٹرو پولیٹن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے مابین معاہدے کے ساتھ تالاب کی صفائی کا مشترکہ پراجکٹ شروع کروائے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تالاب کے پانی کو صاف کرتے ہوئے فوری طور پر میر عالم تالاب میں کشتی رانی شروع کروائی جائے تو ممکن ہے کہ تالاب کے پانی کی صفائی کو برقرار رکھنے میں مدد ملے ۔ اگر بلدی عہدیدار صرف اطراف و اکناف کے ترقیاتی کاموں پر ہی توجہ دیتے رہیں تب بھی اطراف کے علاقوں کی حالت اس وقت تک بہتر نہیں ہوسکتی جب تک تالاب سے تعفن ختم نہ ہو ۔ عہدیداروں کے بموجب میر عالم تالاب کے اطراف ترقیاتی کاموں کا آغاز ہوچکا ہے اور تالاب کی صفائی کے متعلق ماہرین سے مشاورت کی جارہی ہے تاکہ اطراف کے علاقوں کی ترقی کے ساتھ تالاب کی صفائی کو بھی یقینی بنایا جاسکے۔ پرانے شہر کے اس علاقہ کی نکلس روڈ کے طرز پر ترقی کی صورت میں اطراف کے علاقوں کی ترقی بھی ممکن ہوسکتی ہے اسی لیے بلدی عہدیداروں کو چاہئے کہ وہ عاجلانہ طور پر کاموں کی انجام دہی یقینی بنائیں ۔۔