حکومت کے ساتھ نرمی نہیں،صبر و تحمل کا مظاہرہ، کے جانا ریڈی کا ادعا
حیدرآباد /25 فروری (سیاست نیوز) قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی نے کہا کہ ان کے کام کرنے کا طریقہ دوسروں سے جداگانہ ہے۔ واضح رہے کہ بحیثیت قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی پر حکومت کے خلاف نرم رویہ اختیار کرنے کا الزام ہے اور کانگریس حلقوں میں یہ افواہیں گشت کر رہی ہیں کہ ہائی کمان ان سے ناراض ہے، لہذا انھیں بہت جلد عہدہ سے ہٹادیا جائے گا۔ جب اس سلسلے میں جانا ریڈی سے بات چیت کی گئی تو انھوں نے مذکورہ الزامات کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے کام کرنے کا انداز الگ ہے۔ وہ ہنگامہ آرائی کے ساتھ کچھ بولنے کے خلاف ہیں اور صبر و تحمل ان کی فطرت میں شامل ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ دوسروں کو خوش کرنے کے لئے خود اپنی نظروں میں نہیں گرنا چاہتے، جب جو بات کرنا ہے وہی کریں گے، لیکن روزانہ میڈیا سے رجوع ہونے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ انھوں نے کانگریس ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کی سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کے خلاف اسپیکر اسمبلی اور صدر نشین کونسل کو پارٹی کی طرف سے شکایت کرنے کے باوجود اب تک کوئی کارروائی نہ ہونے پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے ارکان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا اور ضرور پڑنے پر عدلیہ سے رجوع ہونے کا انتباہ دیا۔ قائد اپوزیشن نے اسمبلی میں عوامی مسائل کو موضوع بحث بنانے کے لئے کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے اجلاس میں ایجنڈا اور مستقبل کی حکمت عملی تیار کرنے کا اعلان کیا۔ انھوں نے ریاستی وزیر جگدیشور ریڈی پر فیس باز ادائیگی کے بقایہ جات کی اجرائی میں کمیشن کے حصول کے الزام کے بارے میں حکومت سے وضاحت طلب کی۔