سرسا (ہریانہ) ؍ بینا (ایم پی) 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج رافیل طیارہ معاہدہ میں مبینہ رشوت خوری پر وزیراعظم نریندر مودی کو دوبارہ تنقید کا نشانہ بنایا اور 2 کروڑ روزگار کے وعدہ پر اُن کی خاموشی پر بھی سوال اُٹھایا۔ اُنھوں نے مودی کی جانب سے اپنے والد اور سابق وزیراعظم آنجہانی راجیو گاندھی کو ’’بھرشٹا چاری نمبر 1‘‘ کہنے پر جواب دیا کہ آپ میرے والد کے بارے میں جو چاہیں بولئے مگر رافیل پر بھی منہ کھولئے۔ ملک کے نوجوانوں کو 2 کروڑ روزگار دینے کا وعدہ کرکے چپ کیوں ہیں، اس پر بھی کچھ بولئے۔ راہول نے ہریانہ کے سرسا میں انتخابی ریلی سے خطاب میں کہا کہ بیروزگاری کے مسئلہ پر وزیراعظم کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہاکہ مودی نے روزگار تو نہیں دیا مگر نوجوانوں کو ’پکوڑے ‘بیچنے کا مشورہ دیا۔ صدر کانگریس نے کہا کہ وزیراعظم کے پاس گزشتہ پانچ برسوں میں اپنی حکومت کے پرفارمنس کے بارے میں کہنے کیلئے کچھ نہیں اور اس لئے وہ ماضی کی باتیں کررہے ہیں۔ مدھیہ پردیش (ایم پی) کے بینا میں ریلی کو مخاطب کرتے ہوئے راہول نے کہا کہ اب مودی اور برسراقتدار بی جے پی کو ’الوداع‘ کہنے کا وقت آچکا ہے۔ وہ اپنے کسی بھی انتخابی وعدہ پر کچھ کہنے کے موقف میں نہیں ہیں۔ ٹوئٹر پر راہول نے کہا کہ وزیراعظم مودی کے حالیہ بیانات اور انٹرویوز سے ظاہر ہورہا ہے کہ وہ ’’ٹوٹ رہے ہیں‘‘۔ ویسے انتخابی نتائج کے تعلق سے اُن کا نروس ہونا واجبی ہے۔
مودی اُٹھ بیٹھ کریں گے : ممتا بنرجی
بنکورہ 9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سربراہ ترنمول کانگریس ممتا بنرجی کے وزیراعظم نریندر مودی کے خلاف ایک اور متنازعہ ریمارک میں کہاکہ اگر میرے امیدواروں کو کوئلہ مافیا ہونے کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہوں گے تو وہ میرے سامنے اپنے کان پکڑ کر 100 اُٹھ بیٹھ کریں گے۔