میرے والد کی موت کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے : محمد سرتاج کی اپیل

نئی دہلی 5 اکٹوبر( سیاست ڈاٹ کام ) اپنے والد کیلئے انصاف کا مطالبہ کرتے ہوئے متوفی اخلاق کے فرزند محمد سرتاج نے آج اس مسئلہ کو سیاسی نہ بنانے کی اپیل کی ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے ۔ جو کچھ لوگ سوچ رہے ہیں یہ ان کی سوچ ہے ۔ وہ صرف ان سے یہ اپیل کرسکتے ہیں کہ اس مسئلہ کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے ۔ کسی خاندان کے رکن کی موت سیاست کا مسئلہ نہیں ہوسکتی ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی کو سیاست کرنا ہی ہے تو اس کیلئے کئی دوسرے مسئلے ہیں۔ کسی کے قتل کو سیاست کا رنگ نہیں دیا جانا چاہئے ۔ اس سوال پر کہ حملہ آوروں کا بی جے پی سے تعلق تھا انہوں نے کہا کہ ان کی فکر صرف انصاف کی ہے اور کسی چیز سے انہیں سروکار نہیں ہے ۔