میرے استعفیٰ کا مسئلہ اسپیکر کے پاس زیر التواء : سرینواس یادو

حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز): وزیر کمرشیل ٹیکسیس مسٹر ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ اسمبلی رکنیت سے بہت دن قبل ہی استعفیٰ دے چکا ہوں اور بعد ازاں کابینہ میں شامل کئے جانے کے فیصلہ سے میرا کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ میرے تلگو دیشم پارٹی سے استعفیٰ دے کر تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں شامل ہونے کے بعد صدر ٹی آر ایس و چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے مجھے کابینہ میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج یہاں احاطہ اسمبلی میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر سرینواس یادو نے کہا کہ میرے استعفیٰ کا مسئلہ اسپیکر تلنگانہ قانون ساز اسمبلی کے پاس زیر التواء ہے اور اس کے لیے میں کس طرح ذمہ دار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ اگر اسپیکر اسمبلی میرا استعفیٰ منظور کرتے ہیں تو ضرور میں انتخابی مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ وہ کسی کے ساتھ بھی بشمول صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو بھی اگر مقابلہ کریں گے تو ان کے ساتھ بھی مقابلہ کرنے کے لیے تیار ہیں ۔ وزیر کمرشیل ٹیکسیس نے مزید کہا کہ وہ یہاں تک کے صدر جناسینا پارٹی و ممتاز فلم اداکار مسٹر پون کلیان بھی اگر ان کے مقابلہ میں حلقہ اسمبلی سے مقابلہ کرنے پر وہ ان کے ساتھ بھی مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہیں گے ۔۔