میری ماں ذہنی طور پر طاقتور تھیں، خودکشی خارج از امکان

نئی دہلی 22 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سنندا پشکر کی موت کے بارے میں مختلف قیاس آرائیوں کو بکواس قرار دیتے ہوئے اُن کے فرزند شیو مینن نے کہاکہ وہ ’’ذہنی طور پر بہت زیادہ طاقتور تھیں‘‘۔ اُن کی خودکشی خارج ازامکان ہے۔ بدقسمتی سے وہ ذرائع ابلاغ کی اُن کے لئے پیدا کی ہوئی ذہنی اُلجھنوں کا شکار ہوگئیں اور مختلف ادویہ کا غلط امتزاج استعمال کر بیٹھیں۔ 21 سالہ شیو مینن جو سنندا کی سابقہ شادی سے ہونے والے فرزند ہیں، کہاکہ ششی تھرور اور اُن کی والدہ دونوں میں بہت محبت تھی۔ وقتی طور پر اختلافات پیدا ہوتے تھے لیکن اُن کے خیال میں مرکزی وزیر اُنھیں جسمانی نقصان نہیں پہونچا سکتے۔ ذرائع ابلاغ کی اطلاعات میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ وہی اُن کی والدہ کی موت کے ذمہ دار ہیں۔

لیکن یہ پوری طرح بکواس ہے۔ جو بھی میری والدہ سے اچھی طرح واقف تھا کہہ سکتا ہے کہ وہ ذہنی طور پر اتنی طاقتور تھیں کہ اُن کی خودکشی خارج از امکان ہے۔ 52 سالہ سنندا جنوبی دہلی کی ایک فائیو اسٹار ہوٹل کے کمرے میں جمعہ کی رات مردہ دستیاب ہوئی تھیں۔ ایک دن قبل ہی اُنھوں نے پاکستانی صحافی مہر تارڑ پر تھرور کے ساتھ عشق کا الزام عائد کیا تھا۔ سب ڈیویژنل مجسٹریٹ نے جو اِس مقدمہ کی تحقیقات کررہے ہیں، کل پولیس کو ہدایت دی کہ قتل کے نقطہ نظر سے اور خودکشی کے زاویے سے سنندا کی موت کی تحقیقات کی جائیں کیونکہ پوسٹ مارٹم کی رپورٹ میں زہر خورانی اُن کی موت کی وجہ ظاہر کی گئی ہے۔ اُنھوں نے پولیس کو ہدایت کی کہ وہ تحقیقات کے وقت پوسٹ مارٹم کی رپورٹ پیش نظر رکھیں،

اِن کے دونوں ہاتھوں پر زخم کے نشانات اور بائیں گال پر معمولی سے زخم کے نشان پائے گئے تھے۔ دریں اثناء این سی پی نے مطالبہ کیاکہ مرکزی وزیر ششی تھرور کو اپنی وزارت ذمہ داریوں سے لاتعلق ہوجانا چاہئے جب تک کہ اُن کی بیوی سنندا پشکر کی موت کے بارے میں تحقیقات مکمل نہ ہوجائیں اُنھیں وزارتی فرائض سے ترک تعلق کرنا چاہئے۔ پارٹی کے ترجمان ڈی پی ترپاٹھی نے ایک پریس کانفرنس کے دوران کہاکہ وہ تھرور کے استعفیٰ کا مطالبہ نہیں کررہے ہیں۔ تاہم تجویز پیش کررہے ہیں کہ وہ تحقیقات کی تکمیل تک اپنی وزارتی ذمہ داریوں سے دور رہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم تہہ دل سے سنندا پشکر کی موت کے لئے سوگوار ہیں لیکن یہ سنگین معاملہ ہے۔ تحقیقات جاری ہیں۔ تھرور نے بالکل درست طور پر عہد کیا ہے کہ وہ تحقیقاتی محکموں سے بھرپور تعاون کریں گے۔ تاہم ہمارے خیال میں اُنھیں اپنی وزارتی ذمہ داریوں سے تحقیقات کی تکمیل تک لاتعلق ہوجانا چاہئے۔ سابقہ رپورٹس کے بموجب بی جے پی کی کیرالا شاخ نے ششی تھرور کی مرکزی وزارت سے علیحدگی کا مطالبہ کیا تھا کیونکہ اُن کی بیوی کی موت مشکوک ہے۔ تھرور تھرواننتاپورم سے کانگریس پارٹی کے رکن پارلیمنٹ منتخب ہوئے ہیں۔