میری لینڈ میںامریکی طیارہ کا حادثہ،6 ہلاک

گیتھرس برگ (میری لینڈ) ۔ 9 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) ایک چھوٹا خانگی طیارہ ایک مکان سے ٹکرا جانے سے ایک خاتون اور اس کے دو کمسن بیٹے اور طیارہ میں سوار تین افراد ہلاک ہوگئے۔ جیٹ طیارہ کل 10.45 بجے دن واشنگٹن ڈی سی کے مضافات میں گیتھرس برگ کے علاقہ میں ٹکرایا۔ عہدیداروں نے فوری طور پر پریس کانفرنس طلب کی جس میں آتش فرو عملہ اور بچاو کارروائی کے محکمہ کے سربراہ اسٹیولور نے کہا کہ طیارہ میں سوار تین افراد ہلاک ہوگئے لیکن مکان کی آگ بجھانے کیلئے عملہ کو کئی گھنٹے لگ گئے جس کے بعد پتہ چلا کہ مکان میں موجود تین افراد بھی ہلاک ہوچکے ہیں۔ یہ تمام دوسری منزل کے حمام سے دستیاب ہوئے 36 سالہ ماں میری گیمیل اپنے دونوں کمسن بچوں کے اوپر پڑی ہوئی پائی گئی ۔