میری زندگی کو خطرہ : کے وینکٹ ریڈی

بلٹ پروف گاڑی فراہم کرنے حکومت سے مطالبہ
حیدرآباد 27 جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے اپنی زندگی کو خطرہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہاکہ انھیں کچھ بھی ہوتا ہے تو اس کی ساری ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کے وینکٹ ریڈی نے کہاکہ ضلع نلگنڈہ میں غنڈہ گردی کی چیف منسٹر کے سی آر اور ریاستی وزیر جگدیش ریڈی حوصلہ افزائی کررہے ہیں جس کی وجہ سے جرائم کی شرح میں زبردست اضافہ ہوگیا ہے۔ انھیں جان سے مار دینے کی دھمکیاں وصول ہورہی ہیں۔ حکومت اور پولیس اس پر فوری توجہ دے۔ ان کی سکیورٹی میں اضافہ کرتے ہوئے 4+4 گن مینس اور بلٹ پروف گاڑی فراہم کریں۔ انھیں کچھ بھی ہوتا ہے تو اس کی ذمہ داری ٹی آر ایس اور حکومت پر عائد ہوگی۔ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے کہاکہ رکن اسمبلی ویرشم کی وجہ سے کانگریس قائد کا قتل ہوا ہے۔ اگر انصاف نہیں ملا تو وہ عدالت سے رجوع ہوں گے۔ انھوں نے کہاکہ حکمراں ٹی آر ایس، کانگریس کی بڑھتی مقبولیت سے بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ کانگریس قائدین کا قتل کراتے ہوئے کیڈر کے حوصلے پست کرنے کی کوشش کررہی ہے مگر وہ اپنے مقصد میں ہرگز کامیاب نہیں ہوگی۔ انھوں نے کہاکہ قتل کی سیاست کو فروغ دینے کے لئے علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل نہیں دی گئی۔ سماجی انصاف کے لئے کانگریس نے علیحدہ تلنگانہ ریاست تشکیل دی ہے۔ مگر چیف منسٹر اس کو اپنی جاگیر سمجھ رہے ہیں۔ وہ بار بار حکومت کی ناکامیوں، آبپاشی پراجکٹس میں ہونے والی بدعنوانیوں کو آشکار کرنے کے علاوہ چیف منسٹر کے خلاف مقابلہ کرتے ہوئے انھیں شکست دینے کا چیلنج کررہے ہیں جس سے ٹی آر ایس حکومت ان کے خلاف سیاسی انتقام لے رہی ہے۔