میری حکومت کو گرانے کی سازش : کمارا سوامی

بنگلورو۔ 26 اگست (سیاست ڈاٹ کام) سابق چیف منسٹر کرناٹک اور کانگریس کے سینئر لیڈر سدا رامیا کے اس خواہش کے اظہار کے ایک دن بعد کہ وہ خود چیف منسٹر بننے کے خواہاں ہیں، چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی نے کہا کہ ان کی حکومت کو گرانے کی سازش کی جارہی ہے۔ میری حکومت کو غیرمستحکم کرنے کی کوششوں سے میں واقف ہوں تاہم میں کرسی بچانے کی کوشش نہیں کروں گا بلکہ اچھے کام کرنے پر توجہ دوں گا۔ بی جے پی اس کوشش میں لگی ہوئی ہے کہ وہ حکمراں کانگریس ۔ جنتا دل (ایس) اتحاد کے ارکان اسمبلی کو رِجھا کر زعفرانی پارٹی میں شامل ہونے کی ترغیب دی جارہی ہے۔ کانگریس میں بھی قیادت کیلئے رسہ کشی شروع ہوچکی ہے۔ سدا رامیا کا بیان کرناٹک میں سکیولر اتحاد کیلئے خطرہ کی گھنٹی سمجھا جارہا ہے۔ چیف منسٹر کمارا سوامی نے مزید کہا کہ میری حکومت کو شروع ہی سے پسند نہیں کیا گیا ، بی جے پی کی مرکزی قیادت اپنی طاقت کو ریاستی سطح پر جھونکتے ہوئے حکومت میں پھوٹ ڈالنے کی کوشش کرسکتی ہے۔ بی جے پی لیڈر یدی یورپا بھی اپنی شکست کا انتقام لینے کیلئے سیاسی قلابہ بازیوں میں مصروف ہیں۔ انہوں نے حال ہی میں نئی دہلی پہنچ کر مرکزی قیادت سے تبادلہ خیال بھی کیا تھا۔