چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ کا بیان ۔ ریاستی وزرا کو ارکان اسمبلی پر نظر رکھنے کی بھی ہدایت
سدھی ( مدھیہ پردیش ) 27 مئی ( سیاست ڈاٹ کام ) چیف منسٹر مدھیہ پردیش کمل ناتھ نے آج واضح کیا کہ ان کی پانچ ماہ قدیم کانگریس حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے اور انہوں نے ایوان اسمبلی میں اپنی اکثریت ثابت کرنے تیار رہنے کا ادعا کیا ہے ۔ کمل ناتھ نے یہ بیان اس تناظر میں دیا ہے کہ قداء اپوزیشن گوپال بھارگوا ( بی جے پی ) نے گورنر آنندی بین پٹیل کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے اصرار کیا تھا کہ اسمبلی کا خصوصی اجلاس طلب کرکے کمل ناتھ حکومت کو اکثریت ثابت کرنے کہا جائے ۔ کمل ناتھ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں ہے ۔ ایوان میں مظاہرہ ہوسکتا ہے ۔ ہم اس کیلئے تیار ہیں۔ مدھیہ پردیش میں لوک سبھا انتخابات میںکانگریس کی ناقص کارکردگی سے متعلق سوال پر کمل ناتھ نے کہا کہ جو مختصر سا وقت کانگریس کو ملا تھا اس میں پارٹی عوام کو اپنی حکومت کی فلاحی اسکیمات سے واقف نہیں کرواسکی ہے ۔ ریاست میں کانگریس کو صرف چھند واڑہ لوک سبھا حلقہ میں کامیابی ملی ہے جہاں سے کمل ناتھ کے فرزند نکل نے کامیابی حاصل کی ہے ۔ کانگریس کو 230 رکنی مدھیہ پردیش اسمبلی میں 114 اسمبلی حلقوں سے کامیابی ملی تھی اور وہاں وہ بی ایس پی کے دو ‘ ایس پی کے ایک اور چار آزاد ارکان کی تائید سے حکومت چلا رہی ہے ۔ اس دوران بھوپال سے ملی ایک اورا طلاع میں کہا گیا ہے کہ لوک سبھا انتخابات میں بری شکست کے بعد کمل ناتھ نے حرکت میں آتے ہوئے کانگریس ارکان اسمبلی کو متحد رکھنے کی کوششوں کا آغاز کردیا ہے ۔ کمل ناتھ نے اپنے کابینی وزرا سے کہا ہے کہ ہر وزیر کم ا ز کم 5 ارکان اسمبلی کی نگرانی کرے ۔ ریاست میں کمل ناتھ حکومت کے استحکام کے تعلق سے اندیشوں کا اظہار کیا جا رہا ہے ۔ ایک سینئر کانگریس لیڈر نے پی ٹی آئی کو بتایا کہ کمل ناتھ نے اپنے 27 کابینی وزرا سے کہا ہے کہ وہ کم از کم پانچ ارکان اسمبلی کی نگرانی کریں۔ کہا گیا ہے کہ ہر وزیر کو کم از کم پانچ ارکان اسمبلی کی سرپرستی کی ہدایت دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ وزرا ہر رکن اسمبلی سے تعاون کرتے ہوئے ان کے حلقہ انتخاب میں ترقیاتی کاموں کو انجام دینگے ۔ کمل ناتھ کابینہ میں ایک آزاد رکن بھی شامل ہے ۔ کمل ناتھ حکومت کو بی ایس پی کے دو ‘ سماجوادی پارٹی کے ایک اور چار آزاد ارکان کی تائید حاصل ہے ۔ مدھیہ پردیش میں 15 سال کے طویل انتظار کے بعد کانگریس کو چھ ماہ قبل ہی اقتدار حاصل ہوا تھا ۔ کمل ناتھ نے اتوار کو اپنے کابینی رفقا کا ایک اجلاس منعقد کیا تھا جس کے بعد انہوں نے تمام ارکان اسمبلی کا اجلاس منعقد کیا ہے ۔ کمل ناتھ کے ساتھ اجلاس میں ارکان اسمبلی نے وزرا اور ریاستی افسر شاہی سے متعلق شکایات سے انہیں واقف کروایا تھا ۔ چیف منسٹر نے ارکان اسمبلی سے کہا کہ وہ کابینی رفقا کو ہدایت دے چکے ہیں کہ ان کے مسائل پر توجہ دی جائے ۔ کمل ناتھ نے بی جے پی پر کانگریس ارکان اسمبلی کو عہدوں اور رقومات کا لالچ دے کر خریدنے کی کوشش کا الزام عائد کیا ہے ۔