سطحی تبصروں پر تکلیف ہوئی ‘مادیگا ذات کے ذیلی طبقہ سے تعلق کا دعوی
حیدرآباد29 جنوری ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ امور تعلیم مسٹر کے سری ہری نے بعض گوشوں سے ان پر کی جانے والی تنقیدوں پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ اقدار کا پاس و لحاظ کئے بغیر انتہائی نچلی سطح پر اتر کر غیر اخلاقی تبصروں سے انہیں کافی تکلیف پہونچی ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ یہ تمام تنقیدیں ان کی ترقی کو برداشت نہ کرتے ہوئے ان کے حاسدین کررہے ہیں جبکہ حقیقت تو یہ ہیکہ انہوں نے کبھی خودکا مادیگا طبقہ سے تعلق نہیں بتایا ۔ مسٹر کے سری ہری نے واضح طور پر کہا کہ وہ مادیگا ذات کے ذیلی طبقہ بائینڈلا طبقہ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ آج یہاں سکریٹریٹ میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ان پر جو الزامات عائد کئے گئے اور تنقیدیں کی گئیں ان تمام کے ثبوت پیش کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہو ںنے کہا کہ مادیگا طبقہ کے ذیلی طبقات ریاست تلنگانہ میں انتہائی پسماندگی سے دوچار ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرا بابو نائیڈو پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور بتایا کہ محض مسٹر چندر بابو نائیڈو کی ایماء پر ہی مسٹر ایم نرسمہلو نے ان پر غلط و بے بنیاد الزامات عائد کر کے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان پر عائد کردہ الزامات ثابت نہ کئے جائیں تو وہ قانونی چارہ جوئی سے بھی گریز نہیں کریں گے ۔ مسٹر نرسمہلو اپنا طرز عمل تبدیل نہ کریں تو ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کریں گے ۔