’’میری بیوی نے ہندوستان سے منتقلی کا مشورہ دیا تھا ‘‘

نئی دہلی ۔ 23 نومبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) بالی ووڈ سوپر اسٹار عامر خان بڑھتی عدم رواداری کے خلاف دانشوروں کے اظہارخیال میں شامل ہوگئے اور آج انھوں نے کہا کہ اُنھیں متعدد واقعات نے ’’فکرمند ‘‘ کیا ہے حتیٰ کہ اُن کی بیوی کرن راؤ نے ایسی تجویز پیش کی تھی کہ اُنھیں یہ ملک شاید چھوڑنا پڑے گا ۔ عامر نے عملاً اُن شخصیتوں کی تائید کردی جنھوں نے اپنے ایوارڈس واپس کردیئے ہیں، جیسا کہ سوپر اسٹار کا کہنا ہے کہ اہل فن حضرات کیلئے اپنی ناراضگی یا مایوسی کے اظہار کا ایک طریقہ یہ بھی ہوتا ہے کہ وہ اپنے ایوارڈس لوٹا دیتے ہیں ۔ عامر نے یہاں رام ناتھ گوینکا ایکسلینس ایوارڈس کی تقریب میں کہا کہ ایک فرد ، اس ملک کے ایک شہری کی حیثیت سے ہم اخبارات میں پڑھتے ہیں جو کچھ پیش آتا ہے ، ہمیں بعض خبروں کو جان کر تشویش ہوئی ہے ۔ اس سے میں انکار نہیں کرسکتا ۔ مجھے ایک یا دو نہیں بلکہ کئی حادثات نے فکر مند کیا ہے ۔ بالی ووڈ اداکار نے کہا کہ وہ بھی ایسا محسوس کرتے ہیں کہ گزشتہ 6 یا 8 ماہ میں عدم سلامتی اور خوف کا احساس بڑھتا گیا ہے ۔