میرٹھ۔ 30 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں میرٹھ کے سول لائن علاقے میں کل رات معمولی کہا سنی پر تمباکو بیچنے والے نے ایک شخص کو گولی مار کر قتل کردیا۔واقعہ کے بعد مشتعل افراد نے اس کے کھوکھے کو آگ لگا دی جس سے وہاں کھڑی دو موٹر سائیکلیں بھی جل گئی۔ پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا کہ شیخ محلے کے رہنے والے یونس (40) شمشاد کے کھوکھے پر گٹکھا خریدنے گیا تھا۔اس درمیان دونوں کے درمیان کسی بات پر کہا سنی ہوگئی۔بات بڑھنے پر شمشاد نے یونس کو گولی مار دی۔زخمی حالت میں اسے ہسپتال لے جایا گیا جہاں اس کی موت ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ یونس کی موت کے بعد متعدد افراد شمشاد کے کھوکھے پر گئے اور توڑپھوڑ کے بعد اس میں آگ لگا دی۔آگ کی وجہ سے وہاں کھڑی دو موٹر سائیکلیں بھی جل گئیں۔پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات کو کنٹرول کیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں احتیاطی طور پر پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔