میرٹھ۔ 10اگست (سیاست ڈاٹ کام) اترپردیش میں میرٹھ کے سردھنا علاقہ میں انتخابی دشمنی کی وجہ سے کچھ لوگوں نے ایک شخص کو گولی مارکر قتل کردیا۔پولیس ذرائع نے آج یہاں بتایا ہے کہ میرٹھ کے سردھنا علاقہ میں گڑھی دبتھوآ کے رہنے والے کسم ویر (40)کو گاؤں کے ہی اجے ، وشال اور اوم پال وغیرہ نے اس وقت گولی ماردی جب وہ اپنے گھر کے دروازہے پر کھڑا تھا۔ گولی لگنے سے اس کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ یہ قتل انتخابی رنجش کا شاخسانہ بتایا جارہا ہے۔ واردات کو انجام دینے کے بعد قاتل فرار ہوگئے ۔
نکسلیوں کے ساتھ تصادم میں پولیس کانسٹبل ہلاک
لکھی سرائے ۔ 10 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بہار میں انتہا پسندی سے متاثرہ لکھی سرائے ضلع کے کجرا تھانہ حلقہ میں کل دیر رات نکسلیوں کے ساتھ تصادم کے دوران اسپیشل ٹاسک فورس (ایس ٹی ایف) کا ایک جوان شہید ہو گیا وہیں کچھ نکسلی بھی گولی لگنے سے زخمی ہوئے ہیں۔پولیس سپرنٹنڈنٹ اشوک کمار نے آج یہاں بتایا کہ گھوگھر وادی گاؤں کے قریب پہاڑی پر ممنوعہ تنظیم ہندوستان کی کمیونسٹ پارٹی (ماؤنواز) عسکریت پسندوں کے خلاف تلاشی مہم چلائی جارہی تھی ۔ اس دوران دیر رات ماؤنوازوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی۔ انہوں نے بتایا کہ اچانک ہوئے حملے میں ایس ٹی ایف کا جوان اجے کمار منڈل گولی لگنے سے ہلاک ہوگئے۔