میرعالم اور مادنا پیٹ عیدگاہوں میں نماز عیدالاضحی کیلئے وسیع تر انتظامات

اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب جلال الدین اکبر کا مختلف عہدیداروں کے ساتھ دورے
حیدرآباد۔/30ستمبر، ( سیاست نیوز) عیدالاضحی کے سلسلہ میں شہر کی دو اہم عید گاہوں میرعالم اور عید گاہ قدیم مادنا پیٹ میں انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب محمد جلال الدین اکبر نے آج مختلف عہدیداروں کے ساتھ دورہ کیا۔ انہوں نے دونوں عید گاہوں میں جاری انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ عید سے دو دن قبل تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں۔ مختلف محکمہ جات سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ عہدیدار اس دورہ میں شامل تھے جن میں بالا نرسمہا ریڈی زونل کمشنر گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن، سورج کمار ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد، عبدالرحیم ڈیویژن انجینئر ٹرانسکو، سمراٹ ڈپٹی کمشنر جی ایچ ایم سی، ایس کمار اسسٹنٹ کمشنر اسسٹنٹ کمشنر اقلیتی بہبود کے علاوہ پولیس، میڈیکل اینڈ ہیلت، فائر سرویسس، ٹرانسکو اور دیگر محکمہ جات کے عہدیدار شامل تھے۔ جناب جلال الدین اکبر نے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ ہر سال کی طرح اس سال بھی عید گاہوں میں نماز عید کے سلسلہ میں مناسب انتظامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مصلیوں کو کسی بھی تکلیف سے بچانے کیلئے تمام محکمہ جات کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انتظامات کے سلسلہ میں فوقتاً فوقتاً عہدیداروں سے رپورٹ طلب کریں گے۔ جناب جلال الدین اکبر نے کہا کہ عیدالفطر اور عیدالاضحی کے موثر انتظامات کو یقینی بنانا وقف بورڈ کی ذمہ داری ہے اور وہ عید گاہوں میں صحت صفائی کے انتظامات کے علاوہ صاف پینے کے پانی کی سربراہی، شامیانے کی تنصیب، بہتر لاؤڈ اسپیکر سسٹم، سڑکوں کی درستگی، پارکنگ کا موثر انتظام اور دیگر اُمور کی تکمیل کیلئے متعلقہ محکمہ جات کو ضروری ہدایات جاری کرچکے ہیں۔ عید الاضحی 6اکٹوبر کو عید گاہ میرعالم میںنماز عید صبح 9:30بجے ہوگی۔ مولانا حافظ و قاری محمد رضوان قریشی نائب خطیب و امام مکہ مسجد، خطبہ اور امامت کے فرائض انجام دیں گے۔ مولانا سیف اللہ شیخ الادب جامعہ نظامیہ اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ مخاطب کریں گے۔ عیدگاہ قدیم مادناپیٹ میں نماز عید صبح 9:30بجے ہوگی۔ مولانا قاری داؤد محی الدین مدنی خطبہ اور امامت کے فرائض انجام دیں گے۔ مولانا سید شاہ سعادات پیر بغدادی کا خطاب ہوگا۔ عید گاہ قطب شاہی گولکنڈہ میں نماز عید 9:30بجے ہوگی۔ مولانا متین علی شاہ بیان کریں گے۔