میرس وائرس کا پھیلاؤ ، سعودی وزیر صحت کو ہٹادیا گیا

ریاض ۔ 21 اپریل ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) سعودی عرب نے وبائی مرض میرس سے نمٹنے کے معاملے میں بڑھتی تشویش کے دوران آج وزیر صحت عبداﷲ الربیعہ کو اُن کی ذمہ داری سے سبکدوش کردیا ہے ۔ سرکاری سعودی پریس ایجنسی نے شاہی فرمان کے حوالے سے بتایا کہ عبداﷲ الربیعہ کو شاہ عبداﷲ کا مشیر مقرر کیا گیا ہے اور وزیر لیبر عادل فقیہ کو کارگذار وزیر صحت مقرر کیا گیاہے۔ سعودی عرب میں ستمبر 2012ء سے تنفسی عارضہ میرس کی وجہ سے سب سے زیادہ اموات ہوئی ہیں۔ اب تک دنیا بھر میں 243 افراد اس وبائی مرض کا شکار ہوئے جن میں 231 افراد کی سعودی عرب میں موت ہوئی ۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن نے یہ بات بتائی ۔