حیدرآباد 2 جولائی ( پی ٹی آئی ) این ڈی اے کے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند اور یو پی اے امیدوار میرا کمار جاریہ ہفتے حیدرآباد کا دورہ کرینگے تاکہ 17 جولائی کو ہونے والے صدارتی انتخاب میں یہاں ارکان پارلیمنٹ اور ارکان اسمبلی سے تائید حاصل کرسکیں۔ میرا کمار اپوزیشن کی مشترکہ امیدوار ہیں اور وہ کل 3 جولائی کو حیدرآباد آ رہی ہیں۔ رام ناتھ کووند منگل کو حیدرآباد آنے والے ہیں۔ اپنے ایک روزہ دورہ کے موقع پر میرا کمار گاندھی بھون میں کانگریس قائدین سے ملاقات کرینگی ۔ اس کے بعد میڈیا کانفرنس سے خطاب کرینگی ۔ ان کے شیڈول کو آج پارٹی نے جاری کیا ہے ۔ سابق اسپیکر لوک سبھا اپنے والد بابو جگجیون رام کے مجسمہ کی نقاب کشائی کرینگی ۔ وہ ارکان پارلیمنٹ ‘ ارکان اسمبلی اور کونسل سے ملاقاتیں کرینگی ۔ اس کے علاوہ وہ بائیں بازو کے قائدین ‘ سینئر صحافیوں اور دانشوروں سے ملاقات بھی کرینگی ۔ نامزدگی داخل کرنے کے بعد سے میرا کمار اور رام ناتھ کووند اپنی مہم کے طور پر مختلف ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں۔ کووند 4 جولائی کو حیدرآباد آئیں گے ۔ بی جے پی ترجمان کرشنا ساگر نے یہ بات بتائی ۔ اپنے ایک روزہ دورہ کے موقع پر وہ ٹی آر ایس ایمپیز اور ایم ایل ایز کے علاوہ بی جے پی اور تلگودیشم کے ارکان سے بھی ملیں گے ۔