حیدرآباد 28 جولائی ( آئی این این ) سابق اسپیکر لوک سبھا میرا کمار راجنا ۔ سرسلہ ضلع میں مبینہ طور پر پولیس مظالم کے متاثرہ خاندانوں سے 31 جولائی کو ملاقات کرینگی ۔ 31 جولائی کو تلنگانہ پردیش کانگریس کی جانب سے چلو سرسلہ احتجاج منظم کیا جا رہا ہے ۔ صدر پردیش کانگریس این اتم کمار ریڈی کے بموجب میرا کمار دلت متاثرین اور دوسروں سے رامچندرا پور ‘ جلیلا اور نیرالا گاووں میں ملاقات کرینگی ۔ وہ 31 جولائی کو ایک احتجاجی جلسے سے خطاب بھی کرینگی ۔ انہوں نے کہا کہ سرسلہ میں دلتوں اور بی سی طبقات کے عوام پر پولیس تحویل میں ظلم ڈھایا گیا اور ایذیتیں دی گئیں ‘ کھمم میں قبائلی کسانوں کو ہتھکڑی لگائی گئی ‘ منتھنی میں ایک دلت کی مشتبہ موت واقع ہوگئی اور ایسے کئی واقعات ہیں جو ریاست میں دلتوں ‘ قبائلیوں اور بی سی طبقات سے ناانصافیوں کا ثبوت ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ دلتوں کی اکثریت نے علیحدہ ریاست کی جدوجہد میںحصہ لیا تھا اور انہیں امید تھی کہ ریاست میں ان کے حالات بہتر ہونگے ۔ حکومت نے ان کی بہتری کیلئے کئی وعدے بھی کئے تھے لیکن ان کو پورا کرنے کی بجائے ٹی آر ایس حکومت ان پر مظالم ڈھا رہی ہے ۔